• news

میانوالی: پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، سکواڈرن لیڈر، فلائنگ آفیسر شہید

میانوالی +اسلام آباد(نامہ نگار‘ نوائے وقت نیوز+ وقائع نگار خصوصی) پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق میانوالی بیس کے قریب میانہ کھوہ کے مقام پر پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں لینڈنگ سے قبل فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔ اس حوالے سے ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا حادثے کا شکار ہونے والے طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ موقع پر شہید ہو گئے جن کے نام سکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمن ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے ایئر ہیڈ کوارٹرز نے اعلیٰ سطح بورڈ تشکیل دیدیا ہے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے حادثہ میں شہید ہوا بازوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ شہداء کی عظیم قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل دے۔

ای پیپر-دی نیشن