آرمی ایکٹ منظوری خوش آئند، ملکی مفاد کیلئے سب ایک، یہ ہکجہتی پارلیمنٹ میں نظر آتی رہیگی: فردوس عاشق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ بل کی مجلس قائمہ برائے دفاع سے متفقہ منظوری اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے مفادات کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سلامتی اور ملکی مفاد کا تحفظ سب کی اولین ترجیح ہے۔ ہمیںامید ہے اسی جذبے کا مظاہرہ آج پارلیمان میں بھی دکھائی دے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ خطے کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر باہمی ہم آہنگی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ پاکستانی قوم ہمیشہ اتحاد اور یکجہتی سے ہر چیلنج سے نبرد آزما ہوتی آئی ہے۔ اہم قومی معاملے پر سیاسی قوتوں کا یکساں موقف جمہوریت کی فتح ہے۔ دریں اثناء پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ آج پارلیمنٹ افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ اہم قانون سازی پر سیاسی جماعتوں نے برد باری دکھائی، جب کوئی چیلنج سامنے آتا ہے تو تمام سیاسی جماعتیں اور قیادت سیاسی مفادات سے باہر نکل کر قومی مفاد کو ترجیح دیتی ہیں، یہ یکجہتی پارلیمنٹ سے نظر آتی رہے گی۔ سیاست کے محاذ پر اختلاف رائے رکھنا جمہوریت کا حسن ہے، سیاسی جاعتیں ایک دوسرے پر تنقید کرتی رہتیں ہیں لیکن جب قومی مفاد کی بات آتی ہے تو تمام سیاسی جماعتیں سیاسی مفادات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جاتی ہیں۔ قومی اسمبلی سے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کو خوش آئند ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020 امید اور 22 کروڑ عوام کے لئے ریلیف کا سال ہے، قوم کو مشکلات سے نکالنے کی جوائنٹ اسٹریٹجی کو آگے بڑھاتے رہیں گے، سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے یکجہتی کی فضا کو آگے بڑھنا چاہیئے، خوش آئند بات ہے۔ کہ اتفاق رائے سے بل پاس ہوا، پارلیمنٹ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوتی رہے گی، پاکستان کے مخالفین کے پروپیگنڈے کو پارلیمنٹ نے دفن کر دیا، پارلیمنٹ نے ان کے ارمانوں کو ملیا میٹ کر دیا ہے۔ آج پاکستان کی پارلیمان کے اندر اہم قانون سازی پر سیاسی جماعتوں نے برد باری دکھائی، جو عکاسی کرتی ہے کہ جب کوئی چیلنج سامنے آتا ہے تو تمام سیاسی جماعتیں اور قیادت سیاسی مفادات سے باہر نکل کر قومی مفاد کو ترجیح دیتی ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پیپلز پارٹی نے مجوزہ ترامیم قومی مفاد میں واپس لیں، آج متفقہ قانون سازی کا تاریخ ساز دن تھا، انہوں نے حب الوطنی کاثبوت دیا، پاکستان کے مخالفین آنکھیں کھول کر دیکھ لیں، یہ یکجہتی پارلیمنٹ سے نظر آتی رہے گی، یہ یکجہتی کی فضا کو آگے بڑھنا چاہیئے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کا جو اس وقت بیرونی محاذ پر جوچیلنج ہے وہ نیشنل سیکیورٹی ہے، پاکستان کے مخالفین ایف اے ٹی ایف کے اندر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، پاکستان کے مخالفین کے پروپیگنڈے کو پارلیمنٹ نے دفن کر دیا۔