جنگلات میں آگ، آسٹریلین اوپن کے آغاز میں تاخیر کا امکان مسترد
لاہور(سپورٹس ڈیسک)جنگلات میں لگنے والی آگ کے دھوئیں کی وجہ سے ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے آغاز میں تاخیر کا کوئی امکان نہیں۔منتظمین کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کیلئے پہلے ہی سے اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ 20 جنوری سے میلبورن میں شروع ہوگا۔اے ٹی پی پلیئرز کونسل کے صدر نوواک جوکووچ نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر صورت حال میں بہتری نہیں آتی تو منتظمین کو ایونٹ موخر کرنے کے بارے میں غور کرنا چاہیے۔ ٹینس آسٹریلیا کے چیف کریگ ٹیلی نے ایونٹ کے انعقاد میں تاخیر کے امکان کو رد کر دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تمام تر معلومات اکٹھی کی ہیں۔ آنے والے دنوں کے حوالے سے اچھی پیشگوئی ہے۔ میلبورن میں لوگوں کو خطرہ درپیش نہیں۔ اس لیے ایونٹ میں کسی تاخیر کی توقع نہیں کر رہے پھر بھی حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران صورت حال کو مانیٹر کیا جائے گا۔