فٹنس ٹیسٹ ‘عماد وسیم ‘یاسر شاہ معیار پر پورا نہ اتر سکے‘ مہلت مانگ لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سنٹرل کنٹریکٹ کرکٹرز 10 کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ مکمل ہو گیا۔ عماد وسیم اور یاسر شاہ ایک مرتبہ پھر مطلوبہ معیار پر اترنے میں نام رہے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کی ماضی کے مقابلے میں فٹنس بہتر رہی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنٹرل کنٹریکٹ کے 19 کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کیلئے طلب کیا تھاس جن میں تین کھلاڑیوں کے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصروفیت کی بنا پر انہیں 20 اور 21 جنوری کو فٹنس ٹیسٹ کی رعایت دے رکھی ہے جبکہ وائرل انفیکشن کا شکار کرکٹرز ٹیسٹ کپتان اظہر علی ، اسد شفیق اور محمد رضوان کے فٹنس ٹیسٹ نہیں ہو سکے۔صوبائی دارلحکومت لاہور میں پیر اور منگل کے روز مسلسل بارشوں کے سلسلہ کی بنا پر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں روزانہ دو سیشنز میں لیے گئے۔ فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے والے کھلاڑیوں کی رپورٹ تکمیل کے مراحل میں ہے جس کا اعلان باقی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد کیے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی نے کم سے کم لیول حاصل نہ کرنے والے کرکٹرز کو 15 فیصد جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شان مسعود نے اپنا فٹنس لیول برقرار رکھا، سابق کپتان سرفراز احمد کے فٹنس لیول میں پہلے سے بہتری رہی جبکہ عماد وسیم اور یاسر شاہ فٹنس ٹیسٹ کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر سکے ہیں دونوں کھلاڑیوں نے جرمانہ سے بچنے کیلئے پی سی بی سے مزید مہلت مانگ لی ہے۔