پی ایس ایل کی تمام علاقائی زبانوں میں کمنٹری ہونی چاہئے : محمد ادریس
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) سینئر کرکٹ کمنٹیٹر محمد ادریس کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ مقابلوں کے دوران ریڈیو پاکستان پر اردو کمنٹری سمیت علاقائی زبانوں میں بھی کمنٹری ہونی چاہیے۔ ابھی لیگ میں ایک ماہ سے زائد وقت باقی ہے۔ وزارت اطلاعات، ریڈیو پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو اس حوالے سے حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔ اردو کمنٹری کو مقبول عام بنانے اور ملک میں مختلف زبانیں بولنے والوں کی بڑی تعداد کو جوڑنے کے لیے پنجابی،پشتو، سرائیکی، سندھی، بلوچی اور ہندکو سمیت دیگر زبانوں میں بھی کمنٹری نشر کی جانی چاہیے۔ ریڈیو پاکستان کو بھی میڈیم ویو سے باہر نکلنا چاہیے۔ میڈیم ویو پر سننے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ پی ایس ایل کے سارے میچز پہلی مرتبہ پاکستان میں ہو رہے ہیں یہ ایک بڑا اور تاریخی موقع ہے ہمیں اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اردو اور علاقائی زبانوں میں کمنٹری سے ناظرین کی تعداد بھی بڑھ سکتی ہے۔ پی ایس ایل کے لیے تمام کام بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ایس ایل پر ساری دنیا کی نظریں ہیں متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کے انعقاد کے اعلی مثال قائم کی ہے اپنے ملک میں اس معیار کو بہتر بنانے اور شائقین کی توجہ اور دلچسپی بڑھانے کے لیے تمام پہلوؤں پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔