شہر قائد میں اپنی نوعیت کی منفرد کرکٹ لیگ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )شہرقائد میں اپنی نوعیت کی منفرد کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں کا انتخاب سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کے ذریعے ہوا۔لیگ میں 120 کھلاڑیوں نے چھ ٹیموں میں حصہ لیا ہے جبکہ جوہر جیگوارز نے فائنل میں لیاری کنگز کو شکست دے کر میدان مار لیا۔ آرگنائزرز کا کہنا تھا کہ لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے بہت محنت کی، فیس بک گروپ پر پانچ ہزار سے زائد ممبرز ہیں جن میں سے 120 لوگوں نے رجسٹریشن کرائی۔ کھلاڑیوں کو ڈرافٹنگ کے ذریعے منتخب کیا گیا، اکثر لوگ پہلی بار ایک دوسرے سے مل رہے تھے، تین روزہ کرکٹ ایچ کیو لیگ کا مقصد ٹیپ بال کرکٹ کوفروغ دے کر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ ایچ کیو لیگ کے فائنل کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں فیملیز بھی آئیں ،جبکہ کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے فرسٹ کلاس کرکٹرز اور پی سی بی کے آفیشلز سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی جنھوں نے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔اعدادو شمارکے ماہر دنیا کے پہلے بلائنڈ تجزیہ کار سہیل خان خصوصی طور پر لیگ کا حصہ بنے جبکہ یوٹیوب پر میچز کو لائیو نشر کیا گیا۔مہمانوں نے ٹیپ بال کرکٹ کی اسطرح پزیرائی کرنے پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کرکٹ ایچ کیو لیگ کا فائنل جوہر جیگوارز نے 7 وکٹوں سے جیتا اور ٹرافی اپنے نام کی۔