ڈیل سٹین کی پی ایس ایل میں شرکت مشکوک ہوگئی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)سپیڈ سٹار ڈیل سٹین کی پی ایس ایل میں شرکت مشکوک ہوگئی، جنوبی افریقی کرکٹر آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کر لیے گئے، سیریز پاکستان سپر لیگ کے دوران 21 فروری سے شروع ہوگی۔جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ سیریز عین اس وقت ہوگی جب پاکستان سپر لیگ کا آغاز بھی ہو چکا ہو گا اور چونکہ ڈیل سٹین جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا اہم ترین حصہ ہیں، اس لیے اب ان کی پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے امکانات تقریباً ختم ہی ہوگئے ہیں۔ڈیل سٹین گزشتہ ماہ ہونے والے ڈرافٹ مرحلے میں پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے تھے۔ مایہ ناز جنوبی افریقی فاسٹ باولر کو پی ایس ایل 5 کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے منتخب کیا گیا تھا۔ ڈیل سٹین نے پیغام بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے پی ایس ایل کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔