بیمار صنعتی یونٹس‘ تباہ حال کمپنیوں کی بحالی نوجوانوں کو آسان قرضے دینے کیلئے وزیراعظم آج ’’ہنرمند جوان پروگرام‘‘ کا افتتاح کرینگے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے لئے پہلی کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی 10 نجی بینکوں کے باہمی اشتراک سے قائم کی جائے گی۔ بند صنعتی یونٹس اور تباہ حال کمپنیوں کی بحالی ترجیح ہو گی۔ اس اقدام کا مقصد بیمار یونٹس کی بحالی سے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم کے اس اقدام سے ملکی معاشی شرح نمو میں بھی اضافہ ہو گا۔ کمپنی بیمار یونٹس کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے مکمل لائحہ عمل بھی ترتیب دے گی۔ حکومت اداروں کے تعاون سے بینکنگ نظام کو بہتر اور مزید مئوثر بنائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اقدام ملکی معاشی ترقی کے لئے اقدام اٹھایا گیا ہے۔ تمام 10بینک بیمارصنعتی یونٹس کو مدد دیں گے۔ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان بھی اس سلسلہ میں تعاون کرے گا۔ ادھر وزیراعظم عمران خان (آج) جمعرات کو ہنر مند جوان پروگرام کا افتتاح کریںگے جس کے تحت نوجوانوں کو آسان قرضے فراہم کئے جائیں گے، ان کو ہنر مند بنانے کے لئے پیشہ وارانہ پروگرام سٹارٹ اپ اور انٹرن شپ کا آغاز کیا جائے گا۔ بدھ کو وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا جس میں وزیراعظم کو "ہنرمند جوان"پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار اور سینئر افسران شریک ہوئے۔ معاونِ خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے موجودہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لئے شروع کیے جانے والے مختلف پروگراموں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ان پروگراموں میں نوجوانوں کے لئے آسان قرضوں کی فراہمی، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے پیشہ وارانہ پروگرام، اسٹارٹ اپ اور انٹرن شپ جیسے پروگرام شامل ہیں۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے بتایا کہ آئندہ چار سالوں کے لئے 30 ارب روپے کی لاگت کے ہنرمند جوان پروگرام کا باقاعدہ اجراء آج کیا جائے گا۔