یوٹیلٹی سٹورز پر حکومتی پیکج غائب‘ صارفین مایوس‘ اطلاق میں 2 روز لگ سکتے ہیں‘ انتظامیہ
لاہور (کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز پر وزیراعظم کے ریلیف پیکج کا اطلاق نہ ہوسکا جس کی وجہ سے عوام مایوس ہو کر واپس لوٹنے لگے، یوٹیلٹی سٹورزکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریلیف پیکج کے مکمل اطلاق میں ایک سے دو روز لگ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے 7جنوری سے یوٹیلٹی سٹور زپر وزیراعظم ریلیف پیکج کا اطلاق کر دیاگیا ہے تاہم عملی طو رپر اس کا آغاز نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق بیشتر سٹورز پر ریلیف پیکج کے تحت اشیائے خوردونوش کی فراہمی ممکن نہیں ہو سکی۔ گزشتہ روزبھی یوٹیلٹی سٹورز پر جانے والے شہریوں کو مایوس ہو کر واپس لوٹنا پڑا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو مکمل منصوبہ بندی کے بعد اس کے آغاز کااعلان کرنا چاہیے تھا۔ یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریلیف پیکج کے تحت آٹے اور دالوں کی قیمتیں مقرر نہیں ہو سکیں جس کی وجہ سے اطلاق نہیں ہو سکا، وزیراعظم ریلیف پیکج کے مکمل اطلاق میں مزید ایک سے دو روز لگ سکتے ہیں۔