• news

6 مزید بچوں میں پولیو کی تصدیق 2019 کے کیسز 134 ہوگئے

پشاور، ڈیرہ غازی خان، عالیوالا، ملتان(بیورو رپورٹ، نمائندہ نوائے وقت، سپیشل رپورٹر) پنجاب ، خیبر پی کے اور سندھ سے ایک ہی دن میں 6 پولیو کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں ایک سال کے دوران پولیو کیسز کی تعداد 134 تک پہنچ گئی ہے۔ خیبر پی کے کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 24 ماہ کے بچے اور لکی مروت میں 9ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دونوں متاثرہ بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے۔ نئے کیسزسے رواں سال صو بے میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 91 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان سے دو اور سندھ کے ضلع جامشورو اور قمبر سے بھی ایک ایک پولیو کیس رپورٹ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ڈیرہ غازی خان میں پولیوکے دووکیس سامنے آنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے معاملہ کا نوٹس لے لیا۔ متعلقہ اداروں اورافسران پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں سامنے آنیوالے دونوں پولیو کیسزکا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ سے ہے۔ محکمہ صحت نے قصبہ عالیوالا کی رہائشی چھ ماہ کی کائنات اور سخی سرور سے ایک سالہ زہرا میں باقاعدہ وائرس کی تصدیق کر دی دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں پولیو کے کیس سامنے آنا انتہائی تشویشناک امر ہے۔ انہوںنے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو کے لئے مربوط اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔ ملتان سے سپیشل رپورٹرکے مطابق گزشتہ سال پولیو کے حوالے سے پاکستان کے لئے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے۔ ملک بھر سے پولیو کے 134 کیس اب تک رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ پنجاب سے 08 کیس رپورٹ ہوئے۔ اس حوالے سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیموں کی جانب سے آگاہی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن