متحدہ وفد کی ملاقات، کراچی کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جائیں گے: اسد عمر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کے فور منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں۔ کراچی پیکج کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات خالد مقبول صدیقی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اسد عمر نے وفد کو آگاہ کیا کہ وہ حکومت سندھ سے رابطے میں ہیں اور کے فور منصوبے کے بارے میں باقاعدہ اپڈیٹس لے رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اسد عمرسے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی ملاقات کی اسد عمر نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں وکشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرانے میں مکمل مدد فراہم کر رہا ہے ،پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو بھی تیز کیا جارہا ہے۔