جنگ نہیں چاہتے، ایران، مذاکرات کیلئے تیار، امریکہ، تہران نے یوکرینی مسافر طیارہ پر میزائل مارا: ٹرمپ
بغداد، واشنگٹن، تہران (ایجنسیاں‘ نیٹ نیوز) عراق میں امریکی اڈوں پر ایرانی حملے کے بعد کی سٹیلائٹ تصاویر جاری کر دی گئیں، سٹیلائٹ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئر کرافٹ ہینگرز کو نقصان پہنچا اور کئی عمارتیں تباہ ہوئیں، عراقی صدر اور سپیکر اسمبلی نے ایرانی میزائل حملوں کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران نے کارروائی سے پہلے مطلع کیا البتہ ٹارگٹ نہیں بتایا۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا جنگ یاکشیدگی نہیں بڑھانا چاہتے لیکن جارحیت کا جواب ضرور دیں گے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو عراق کی صورتحال پر سخت تشویش ہے، ہماری خواہش ہے کہ عراقی شہری امن و امان اور خوشحالی کی زندگی بسر کریں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر ماجد تخت روانچی نے سلامتی کونسل کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے گزشتہ روز عراق میں امریکی فوجی اڈے پر کئے گئے حملوں کو درست قرار دیا ہے۔ خط میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران عالمی امن اور سلامتی کے لیے اپنے عزم پر کاربند ہے اور ہرگز کشیدگی میں اضافہ یا جنگ نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کا آپریشن درست اور جوابی اقدام تھا اور اس کے اہداف فوجی مقاصد تھے، ان میزائل حملوں میں عام شہریوں کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کیلی کرافٹ کی جانب سے سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جنرل سلیمانی کو قتل کرنے کی وجہ امریکہ کی جانب سے دفاعی اقدام تھا‘ بین الاقوامی امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی شق 51کے تحت جنرل قاسم سلیمانی پر حملہ کرنا درست فیصلہ تھا۔ اپنے دفاع میں یہ قدم اٹھایا۔ امریکی خط میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں اپنے اہلکاروں اور مفادات کے تحفظ کیلئے مزید اقدام اٹھائیں گے۔ امریکی نائب صدر مائیک پنس نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں موصول ہونے والی انٹیلی جنس معلومات کے مطابق ایرانی نظام نے مسلح ملیشیاؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی مفادات پر حملے نہ کریں۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویومیں پنس نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران میں نظام کی تبدیلی کے لیے کوشاں نہیں ہے مگر وہ اس نظام کے رویے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مائیک پنس کے مطابق امریکہ کو اس طرح کی انتباہی معلومات موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق بغداد میں القدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کے مارے جانے کے بعد آئندہ دنوں کے دوران دنیا بھر میں جلد ایرانی حملے سامنے آنے کا قوی امکان ہے۔ برطانیہ کے وزیراعظم بورسن جانسن نے ایرانی صدر حسن روحانی پر زور دیا ہے کہ تہران امریکہ کے ساتھ محاذ آرائی ختم کرے اور جوہری معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ یورینیم افزودگی بند کرے۔ بورس جانسن نے دشمنیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکہ کے ساتھ محاذ آرائی ختم کرے۔ کیونکہ کشیدگی کو کم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ٹیلی فونک گفتگو اور مشرق وسطی کی صورتحال سمیت عالمی امن کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے ایرانی صدر سے مطالبہ کیا کہ ایران دوہری شہریت رکھنے والے زیر حراست برطانوی شہریوں کو فوری رہا کرے۔ دوسری طرف امریکا ایران کشیدگی میں کمی کے ساتھ ایشیائی سٹاک مارکیٹیں واپس بحالی کی جانب گامزن ہوگئیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹوکیو کے بینچ مارک میں دو فیصد اضافہ ہوا، شنگھائی ہانگ کانگ اور جنوب مشرقی ایشیائی مارکیٹوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایگزی ٹریڈرز کے اسٹیفن ان نے ایک رپورٹ میں کہا کہ ہلاکتوں کے نہ ہونے کی وجہ سے مارکیٹوں میں اعتماد پیدا ہوا کہ ایران نے جوابی کارروائی اپنی ساکھ بحال رکھنے کے لیے کی۔ مثبت صورتحال سامنے آئی تاہم نیوزی لینڈ کی مارکیٹ میں تنزلی دیکھی گئی۔ وال سٹریٹ پر بینچ مارک ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 3 ہزار 253 پوائنٹس پر آگئی۔ تیل کی قیمتوں میں ایرانی حملوں کے بعد ہونے والے اضافے میں صورتحال بہتر ہونے پر واپس کمی آئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت بھی گزشتہ روز کے مقابلے میں 2.83 ڈالر کم ہوگئی۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں یوکرائنی طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے بعد قیاس آرائیوں کا آغاز ہو گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شک ہے کہ ایران نے غلطی سے مسافر طیارہ کو میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے دوران امریکی صدر سے سوال پوچھا گیا کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں گرنے والے یوکرائنی طیارے کے ساتھ کیا ہوا تو اس کے جواب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میرے کچھ شکوک و شبہات ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیاں لگا دی گئی ہیں جسکا اعلان عنقریب محکمہ خزانہ کرے گا، نیٹو کے اثر و رسوخ کو مشر ق وسطیٰ میں بڑھانا چاہیے۔ ایران کے سول ایوی ایشن کے چیف علی عابدزاد کا کہنا ہے کہ تہران میں تباہ ہونے والے یوکرائن کے طیارے کے حوالے سے پھیلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ ایران نے یوکرائن طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلئے امریکہ کو دعوت دے دی۔ امریکی اخبار کے مطابق ایران نے عالمی سول ایوی ایشن تنظیم کے ذریعے امریکہ کو تحقیقات کی دعوت دی آئی سی اے او کے ذریعے امریکہ کے قومی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کو مدعو کیا گیا ہے۔