• news

ہسپتالوں کو اتنا معیاری بنانا چاہتا ہوں لوگ باہر سے علاج کیلئے آئیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی کارکردگی اور صحت کے شعبہ میں جاری بڑے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جس حد تک ممکن ہوا اقدامات کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے کیلئے بجٹ میں 27فیصد اضافہ کیاہے۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں۔ سابق دور میں پسماندہ علاقے صحت کے لحاظ سے بھی پسماندہ رکھے گئے۔ ہم نے ہر شعبے میں ترقی کی یکساں پالیسی اپنائی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ملتان میں نشترہسپتال2 کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں ہسپتال کی عمارت سے متعلقہ کام جلد مکمل کئے جائیں۔ ہسپتالوں کو حقیقی معنوں میں شفا خانے بنائیں گے۔ نئے پاکستان میں مریضوں کو معیاری علاج معالجہ دے کر ان کا حق لوٹائیں گے۔ ہسپتالوں کو اس معیارتک لے جانا چاہتا ہوں کہ باہر سے لوگ علاج کیلئے یہاں آئیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان میں ریسکیو سروسز کے آغاز کیلئے تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے نام مراسلے میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلوچستان میں ریسکیو سروسز کیلئے مثالی اور غیر معمولی انداز میں معاونت کی ہے۔ عثمان بزدارنے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن