قندھار میں بارودی سرنگ دھماکہ، 2 امریکی فوجی ہلاک، 2 زخمی
کابل(نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں ایک فوجی کارروائی کے دوران سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جس کی زد میںآکر 2 امریکی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق امریکی فوجی ضلع قندھار میں طالبان جنگجوئوں کے خلاف آپریشن میں مصروف تھے کہ فوجی گاڑی سڑک کنارے دبی بارودی سرنگ پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا، دھماکے میں 2 امریکی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ 2 کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ نیٹو ترجمان نے امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہلکار ایک مشن کی تکمیل پر مامور تھے، ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ سے اجازت اور تصدیق کے بعد شناخت ظاہر کی جائے گی۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جب کہ نیٹو کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔