جوہری ملک بھارت پر آر ایس ایس کے شدت پسند نظریہ کا قبضہ ہے: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت میں آر ایس ایس کے انتہاپسند نظریئے نے ایک جوہری طاقت کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم نے کہا اس تنظیم نے ایک ارب آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اس کے نظریئے کی بنیاد نسلی بالادستی اور مسلمانوں سے نفرت ہے۔ جب بھی بوتل میں بند یہ جن باہر آیا تو خونریزی ہوئی۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں مسجد پر دہشت گرد حملے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں مسجد کے اندر نماز پڑھتے ہوئے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا۔ صوبائی حکومت کو زخمیوں کو تمام طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا ہے۔ شہید ڈی ایس پی امان اللہ بہادر اور مثالی افسر تھے۔ٹوئٹ کے دوران انہوں نے برطانوی اخبار دی ٹائمز کا ایک آرٹیکل بھی شیئر کیا۔