• news

حکومت اور اپوزیشن نے آرمی ایکٹ فوج نہیں، ملکی مفاد میں پاس کیا: شجاعت

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ پارلیمنٹ نے فوج کیلئے پاس نہیں کیا بلکہ یہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ملکی مفادات کو اہمیت دینے کی خواہشات کا مظہر ہے۔ انہوں نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ آرمی ایکٹ کے پاس ہونے پر عام طور پر خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ایکٹ پارلیمنٹ نے فوج کیلئے پاس کیا ہے حقیقت اس کے برعکس ہے۔ یہ پوری گورنمنٹ اور اپوزیشن کی ان خواہشات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ زیرغور آنے والی ہر پروپوزل میں ملکی مفادات کو مدنظر رکھیں اور اس پر اپنے ذاتی مفادات یا مخالفت برائے مخالفت کو اہمیت نہ دیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آخرکار یہ فیصلہ کرنے پڑے گا کہ ملک کو تباہ ہونے دیا جائے یا بچایا جائے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ پارلیمنٹ میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو غیر ملکی عناصر کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آرمی ایکٹ پر حکومت اور اپوزیشن دونوں میں ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے اور مجھے امید ہے کہ قومی مفاد میں ہر ایکٹ پر اسی طرح ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا جائے گا خواہ وہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا جائے یا حکومت کی جانب سے۔

ای پیپر-دی نیشن