• news

جی اے طارق لاہور، طارق شاہ ننکانہ، محسن بٹ گوجرانوالہ، ظفر کھوکھراسلام آباد بار کے صدر منتخب

لاہور‘ ننکانہ‘ اسلام آباد‘ شیخوپورہ‘ قصور‘ گوجرانوالہ (اپنے نامہ نگار سے‘ نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت) چیئرمین الیکشن بورڈ نے ایشیا کی سب سے بڑی لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے نتیجہ کا اعلان کردیاہے ۔ جاری کردہ نتیجہ کے مطابق صدارتی نشست پر عاصمہ جہانگیرگروپ کے نامزد امیدوار جی اے خان طارق نے 3055 ووٹ لیکرلاہور بار کی صدارت کا تاج پہن لیا ہے۔ ان کے مد مقابل حامد خاں گروپ کے صدارتی امید وار رانا انتظار حسین 2075 ووٹ حاصل کر سکے۔آزاد امیدوار میاں جہانگیر نے 825 ووٹ حاصل کئے۔جنرل سیکرٹری کی نشست ریحان خان نے 3406 ووٹ لیکر اپنے نام کی۔ سیکرٹری کی نشست پر سلطان حسن ملک 3253 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ رانا نعیم 2 ہزار 754 ووٹ لے کر سینئر نائب صدر، کرم نظام 2 ہزار 273 ووٹ لیکرنائب صدر اور ندیم ضیا بٹ 3 ہزار 480 ووٹ لیکرنائب صدر ماڈل ٹائون کامیاب ہوئے جبکہ کینٹ کچہری سے میاں سخاوت پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔فنانس سیکرٹری کا قلمدان علی عمران بھٹی نے 4464 ووٹ لیکر اپنے نام کر لیا۔ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر میاں اسامہ جیت گئے۔ لائبریری سیکرٹری کے لئے میاں رضا محمود کامیاب ہوئے، آڈیٹر کی نشست چودھری عدنان ، خواجہ التمش کامیاب ہو گئے۔عام طور پر دیکھنے میں آیا ہے کہ لاہور بار کی صدارت ایک سال عاصمہ جہانگیر گروپ اور دوسرے سال حامد خان گروپ کے پاس آ جاتی ہے ۔کئی دہائیوں سے یہ سلسلہ چلتا آ رہا ہے۔گذشتہ برس حامد خان گروپ کے امیدوار عاصم چیمہ 2 ہزار 5 سو 85 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے اورعاصمہ جہانگیر گروپ سے تعلق رکھنے والے چوہدری اویس احمد قاضی ایک ہزار 8 سو 30 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔گذشتہ روز ہونے والے لاہور بار کے انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کامیابی سے مکمل کئے گئے۔ لاہور بار کے انتخابات پہلی مرتبہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کامیاب ہوئے ہیں قبل ازیں ایک دو بار کوشش کی گئی لیکن سسٹم کی خرابی کے باعث انتخابات میں تعطل پیدا ہو گیا ۔ 2020-21 کے لئے لاہور بار کے 6100 وکلاء بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹرز لسٹ میں شامل کئے گئے جنہوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔کامیاب کے بعد جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا۔پولنگ کا عمل چالیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہا، انتخاب میں نو ہزار نو سو ننانوے ووٹرز میں سے 6 ہزار 104 وکلا نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، الیکشن میں خواتین کا ایک اور مرد وکلا کیلئے چارپولنگ بوتھ بنائے گئے تھے، کل 23امیدوار مدمقابل تھے، چئیرمین عمران مسعود نے کامیاب امیدواروں کا اعلان کیا۔کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائی تقسیم کی۔ لاہور بار کی صدرات کا تاج حاصل کرنے والے جی اے خاں طارق نے جیت کے بعد نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بنچ اور بار کا رشتہ مزید مضبوط کروں گا۔ عدالتوں میں کام ہوگا۔ غیر ضروری ہڑتالوں سے گریز کیا جائے گا۔ تشدد کی سیاست ہرگز نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وہ تشدد کی سیاست کی نفی کرتے ہیں۔وکلا کی فلاح و بہبود کے کام کئے جائیں گے۔لاہور بار کے ترجمان مظفر چودھری نے کہا کہ انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم انتہائی کامیاب رہا ہے ۔ سارا دن انتخابی عمل انتہائی پرسکون ماحول میں مکمل کیا گیا۔بائیو میٹرک سسٹم کی وجہ سے انتخابی نتائج ایک گھنٹے بعد ہی مرتب کر لئے گئے ورنہ رات تین چار بجے تک گنتی کا عمل جاری رہتا تھا۔ ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے سالانہ انتخابات 2020ء میں پروفیشنل گروپ اینڈ فرینڈزلائرز گروپ کا پینل بھاری اکثریت سے کامیاب، پیر طارق علی شاہ ایڈووکیٹ 125ووٹوں کی برتری سے صدر جبکہ آصف علی بھٹی ایڈووکیٹ 138ووٹوں کی برتری سے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پولنگ ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے سالانہ انتخابات 2020ء کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار روم ننکانہ صاحب میں پولنگ کا عمل صبح 9بجے سے بغیر کسی وقفہ کے شام 5بجے تک پرامن طور پر جاری رہا، پولنگ نتائج کے مطابق پروفیشنل گروپ اینڈ فرینڈزلائرز گروپ کے پینل کے پیر طارق احمد شاہ ایڈووکیٹ 125ووٹوں کی برتری سے صدر جبکہ آصف علی بھٹی ایڈووکیٹ138ووٹوں کی برتری سے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے، بائومحمد عتیق الرحمن عمر (نائب صدر) مرزا نواز بیگ (جوائنٹ سیکرٹری )چوہدری محمد بلال خالد رومی (فنانس سیکرٹری) مرزا جاوید اقبال (لائبریری سیکرٹری) اور رائے حبیب اللہ تبسم(آڈیٹر)بھاری اکثریت سے جیت گئے یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب کے کل رجسٹرڈ ووٹ 736 تھے جن میں سے کل637ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ پروفیشنل گروپ اینڈ فرینڈزلائرز گروپ کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر ان کے حامی وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور شہر بھر کا جلوس نکالنے کے علاوہ لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں ۔ یاد رہے کہ پیر طارق علی شاہ ایڈووکیٹ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ کے حقیقی بھائی ہیں۔ وہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ہیں۔ننکانہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں کل ووٹوں کی تعداد 740 ہے۔ صدر کی سیٹ پر رائے قاسم مشتاق اور پیر طارق احمد شاہ کے درمیان مقابلہ ہوا ۔ رائے قاسم مشتاق نے 254 ووٹ جبکہ ان کے مد مقابل پیر طارق احمد شاہ نے 379 ووٹ لیے۔ جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر رائے آصف علی بھٹی اور رائے علی احمد کے درمیان مقابلہ ہوا ۔جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر آصف علی بھٹی نے 383 ووٹ جبکہ ان کے مد مقابل ملک علی احمد نے 245 ووٹ لیے۔اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میںظفر کھوکھر ایڈوکیٹ980 ووٹ حاصل کرکے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد منتخب ہوگئے ہیں۔صدر کی نشست پر ظفر کھوکھر اور ایوب ارباب کے مابین ون ٹو ون مقابلہ ہوا،صدر کی سیٹ پر شکست کھانے والے امیدوار ایوب ارباب نے 860 حاصل کیے ۔مجموعی طورپر300کے قریب خواتین ووٹرز سمیت 3270 ممبران حق رائے دہی میں حصہ لیا۔الیکشن بورڈ کے چیئرمین قمر عنایت راجہ جبکہ رانا عابد نذیر خاں اور مرتضی موسوی ممبر الیکشن بورڈ تھے۔ پولنگ دن ایک سے دو بجے تک وقفے کے ساتھ شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہی۔جنرل سیکرٹری کی نشست پر مرزا نبیل طاہر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مخالف ہرانے والے امیدوار سید عبیداللہ تھے۔نائب صدر کی نشست پر چوہدری سخاوت حسین کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مخالف ہارنے واہے امیدار چوہدری اشتیاق اعظم چوہان تھے جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر مجاہد کلیارکامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مخالف ہارنے والے امیدوار چوہدری سہیل خورشیدتھے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شیخوپورہ کے سالانہ انتخابات 2020کا مرحلہ مکمل ہوگیا، صدارتی امیدوار چوہدری زاہد سعید ایڈووکیٹ 634ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ان کے مد مقابل امیدوار سید نعیم شاہد ایڈووکیٹ نے 599 اور تیسرے امیدوار چوہدری افتخار احمد کسانہ ایڈووکیٹ نے 168 ووٹ حاصل کئے، جنرل سیکرٹری کی نشست پرملک جاوید کھوکھر ایڈووکیٹ 703 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے ان کے مدمقابل امیدوارذوالقرنین ڈوگر کو 632ووٹ حاصل ہوئے انتخابات میں کل 1595 ووٹرز میں سے 1408نے رائے حق دہی استعمال کیا، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے ، چوہدری زاہد سعید ایڈووکیٹ کے صدر اور ملک جاوید کھوکھر ایڈووکیٹ کے جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کی خوشی میں ان کے حامی وکلاء نے بھنگڑے ڈالے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، چوہدری زاہد سعید ایڈووکیٹ نے وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود بار اور بینچ کے مابین خوشگوار تعلقات اور بار میں اعلیٰ روایات قائم کی جائیں گی، میں وکلاء برادری کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا میں انہیں کبھی بھی مایوس اورنا امید نہیں کروں گا جبکہ نومنتخب صدر بارچوہدری زاہد سعید ایڈووکیٹ اور نومنتخب جنرل سیکرٹری ملک جاوید کھوکھر ایڈووکیٹ کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور اور ارکان نے مبارکباد دیتے ہوئے ا ن کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر وقائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین میاں محمد جاوید لطیف ایم این اے نے رانا زاہد سعید ایڈووکیٹ کو صدر اورملک جاوید کھوکھر ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور انکی کامیابی کووکلاء برادری کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔ انتخابات میں بڑے بڑے برجوں کے نامزد امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سابق جسٹس سید زاہد حسین بخاری ،سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سید کلیم احمد خورشید ،سابق رکن پنجاب بار کونسل نصیر الدین خان نیئر ایڈووکیٹ اور تحریک انصاف کے رہنما چودھری عابد حسین چٹھہ کے حمایت یافتہ امیدوار ملک محمد جاوید کھوکھر 703 ووٹ لیکر جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ہیں ان کے مدمقابل امیدوار ذوالقرنین احمد ڈوگر ایڈووکیٹ کو 692 ووٹ ملے ہیں نائب صدر کے عہدے پر رانا شفقت رسول ایڈووکیٹ743 ووٹ لیکر بڑے مارجن سے کامیاب جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار میاں طارق محمود ایڈووکیٹ کو 544 ووٹ ملے ہیںجوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر محمدعثمان بھٹی ایڈووکیٹ 711 ووٹ لیکر کامیاب جبکہ ان کے مدمقابل چودھری قربان سندھو ایڈووکیٹ کو 615 ووٹ ملے فنانس سیکرٹری کیلئے حافظ امتیاز اشرف ایڈووکیٹ704 ووٹ لیکر کامیاب جبکہ مدمقابل امیدوار رائے اللہ دتہ اعظم کھرل ایڈووکیٹ کو 629 ووٹ پڑے ہیں اڈیٹر کے عہدے پر رانا وقاص احمد ایڈووکیٹ نے 889 لیکر ریکارڈ مارجن سے کامیابی حاصل کی ہے جن کے مدمقابل امیدوار چودھری چودھری ندیم الحق میلو ایڈووکیٹ کو 369 ووٹ پڑے ہیںجبکہ لائبریری سیکرٹری کے عہدے پر چودھری ریاض چھینہ ایڈووکیٹ بلامقابلہ کامیاب قرارپائے ہیں چیئرمین الیکشن بورڈ چودھری ایم بی طاہر ایڈووکیٹ نے اعلان کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے امیدواروںکے ووٹوں کی گنتی 13 جنوری بروز سوموار کو ہوگی اور ان کے نتائج کا اعلان بھی اسی روز کیا جائیگا۔ بار کے الیکشن میں کل 1408ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں نومنتخب صدر چودھری زاہد سعید ایڈووکیٹ کو کامیابی پر مرکزی نائب صدرچیئرمین اسٹیڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات میاں جاوید لطیف نے مبارکباد دی ہے۔ ڈسٹرکٹ بار قصور کے الیکشن 2020-21 میں محمد سلیم مہر قصور بار ایسوسی ایشن کے صدر جبکہ مہر محمد عمران جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ الیکشن2020-21 میں تحریک انصاف کے محمد سلیم مہر صدر منتخب ہو گئے محمد سلیم مہر نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے حمایت یافتہ مرزا نسیم الحسن سے 49 ووٹ زائد حاصل کئے جبکہ جنرل سیکرٹری بارقصور کی نشست پر مہرمحمد عمران منتخب ہوئے محمد سلیم مہر کے مکمل پینل نے کامیابی حاصل کی۔ جیت پر مٹھائیاں اورڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے انتخابات میں 787ووٹ لیکر محسن یعقوب بٹ صدر‘ 920 ووٹ لیکر فرحان جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ، حامی وکلاء نے جشن مناتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔ پولنگ صبح آٹھ بجے سے لیکر شام پانچ بجے تک جاری رہی اس دوران نماز کی ادائیگی اور کھانے کیلئے ایک گھنٹہ کا وقفہ کیا گیا ، ڈسٹرکٹ بار کی آٹھ سیٹوں پر 25امیدواروں نے حصہ لیا .چیئرمین الیکشن بورڈ کے فرائض گل نواز گورائیہ نے سرانجام دئیے.الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کے اعلان کے مطابق 787ووٹ لیکر محسن یعقوب بٹ صدر منتخب ہو گئے ان کے مد مقابل کوثر حسین سندرانہ 705ووٹ لیکر دوسرے جبکہ عابد پرویز 614ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے اسی طرح فرحان علی 920ووٹ لیکر جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر براجمان ہو گئے انکے مقابل آصف رندھاواکو 864ووٹ ابرار احمد مہر کو 326ووٹ مل سکے ، سینئر نائب صدر کی سیٹ عنائت الرسول اوپل نے 719 ووٹ لیکر جیت لی انکے مد مقابل امانت علی کو 567 ووٹ منور حسین کو 268 ‘ظفر اﷲ کو 553 ووٹ مل سکے، نائب صدر کی سیٹ پر شکیلہ سلیم رانا نے 991ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی انکے مد مقابل شبیر حسین انصاری کو 231 ووٹ اور الیاس بٹ کو 873 ووٹ مل سکے ، جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر827ووٹ لیکر رئیس علی سندھو کامیاب ہو گئے انکے مدمقابل قاسم خان کو 818ووٹ اور رانا فہد محمود کو 457ووٹ ملے ، فنانس سیکرٹری کی سیٹ ذیشان خاں نے 1153ووٹ لیکر جیت لی انکے مدمقابل اعجاز احمد کو 905ووٹ مل سکے، لائبریری سیکرٹری کی سیٹ پر شمیم کوثر 960ووٹ لیکر براجمان ہو گئی انکے مد مقابل سلیم 735ووٹ لیکر دوسرے اور عالیہ ذوالفقار 383ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہی،آڈیٹر کی سیٹ حافظ عثمان نے 1237ووٹ لیکر جیت لی انکے مد مقابل محسن تاج کو 856ووٹ ملے جبکہ ممبران مجلس عاملہ کی سیٹوں پر47امیدواروں نے حصہ لیا تھا جن میں سے 10امیدواروں کا قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کر لیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے الیکشن میںسید غلام مصطفی شاہ 1461 ووٹ سے صدر منتخب جبکہ چودہری یاسر چٹھہ 795 ووٹ سے بار کے سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں،جبکہ نائب صدر سخاوت کاظمی بھی 874 ووٹ سے کامیا ب ہو گئے ہیں،نتائج آنے پر وکلاء کے بھنگڑے، مٹھائیاں تقسیم کی گئی اور جشن منایا گیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عمران رشید سلہری 764 ووٹ لے کر کامیاب، پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر غلام نبی طاہر چوہان نے 1170 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ جوائنٹ سیکریٹری کی نشست پر آسیہ گل اور 10 ممبران مجلس عاملہ پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے گزشتہ روز منعقد ہونیوالے سالانہ انتخابات کا الیکشن بورڈ کی جانب سے نتیجہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عمران رشید سلہری 764 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مدمقابل امیدواروں یوسف اکبر نقوی نے 584 ،نشید عارف گوندل نے 467، اصغر لودھی نے 311 ووٹ اور سید اقبال مہدی زیدی نے 185 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ نائب صدر کے عہدے پر ملک الطاف راں 1047 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مدمقابل امیدواروں راشد مصطفی شیخ نے 985 اور محمد امجد خان نے 263 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر غلام نبی طاہر نے 1170 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار وسیم خان نے 1136 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ لائبریری سیکرٹری کے عہدے پر حسن محمود ترین 1394 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقامل امیدواروں رابیلہ گیلانی نے 706 اور شبانہ خان نے 195 ووٹ حاصل کئے ہیں۔فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر ملک عرفان میتلا 1195 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ہیں۔ مدمقابل امیدوار رائے شاہد جاٹ نے 581 ووٹ اور شیخ شعیب امجد نے 525 ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔ نیز جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر آسیہ گل اور مجلس عاملہ کی 10 نشستوں پر جاوید اقبال، ولایت علی خان، محمد ذولفقار علی، طاہر ریاض قریشی، محمد طیب ہاشمی، محمد فیاض، ظہور احمد چوہدری، ارسلان منیر، حافظ عبدالرؤف قادری اور تصور عباس صدیقی پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب قرار پائے تھے۔ ڈسٹرکٹ بار لودھراں کے الیکشن میں رانا دیوان 166ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ مدمقابل امیدوار ملک محسن چنڑ نے168ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ جنرل سیکریٹری بار منصور علی 175ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ مدمقابل امیدوار جنرل سیکریٹری جاویدکلیارنے152ووٹ حاصل کیے ۔رحیم یارخان میںرائے مظہر حسین کھرل صدر ،غلام غوث خان کورائی جنرل سیکرٹری منتخب جبکہ نائب صدر اورجوائنٹ سیکرٹری کی نشستوں پر وکلاء اتحاد کے امیدوار کامیاب قرار پائے ،جیت کی خوشی میں وکلاء کے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ،مٹھائی تقسیم کی جیتنے والے امیدواروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی ،مسلسل کئی سالوں کی شکست کے بعد وکلاء اتحاد گروپ نے جیت حاصل کی۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق وکلاء اتحاد وگرینڈ الائنس کے امیدوار برائے صدر رائے مظہر حسین کھرل 398ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جن کے مد مقابل فرینڈ زگروپ کے امیدواربرائے صدرچوہدری عمران مقصود368ووٹ حاصل کر سکے اسی طرح جنرل سیکرٹری کے لئے وکلاء اتحاد گرینڈ الائنس کے غلام غوث خان کورائی نے اپنے مدمقابل فرینڈ زگروپ کے امیدواررئیس نیاز احمد چاچڑ کو 5ووٹوںسے شکست دی اسی طرح وکلاء اتحاد گرینڈ الائنس کے نائب صدر رئیس خالق داد چاچڑ نے بھی کامیابی حاصل کی اسی طرح وکلاء اتحاد گرینڈ الائنس کی امیدواربرائے جوائنٹ سیکرٹری محترمہ بیلا اختر بلا مقابلہ منتخب قرار پائی تھیں۔ جتوئی بار ایسوسی ایشن جتوئی میں ملک محمد جاوید اولکھ 171ووٹ لے کر صدر انکے مدمقابل ملک مشتاق احمد ببرنے 116 ووٹ حاصل کئے جبکہ جنرل سیکریٹری کیلئے سردار مجتبیٰ خان لغاری 147اور انکے مد مقابل شاہد بشیر مندوانی نے133ووٹ لئے نائب صدرکیلئے منیر احمد خان بلہ 127انکے مدمقابل ناظم خان برہم زئی157ووٹ لے کر نائب صدراور لائبریری سیکریٹری کے لئے میڈم نوشابہ اللہ بخش147ووٹ لے کر منتخب انکے مد مقابل ساجد خان 132 ووٹ حاصل کرسکے ۔ بارایسوسی ایشن لیاقت پور کے انتخابات میں وکلاء اتحاد نے کلین سویپ کرلیا۔ جام محمد اعظم انٹرصدراور سردار ابراہیم خان بھاری اکثریت سے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ چیئرمین الیکشن بورڈ نعیم اصغر باجوہ نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ رانا زاہد حسین شاد نائب صدر، حافظ کاشف محمودجوائنٹ سیکرٹری ،فضل ایاز ہاشمی لائبریری سیکرٹری اور عقیل نذیر گھلو فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔ بلال احمد بوہڑ‘ عمران عزیز‘ غلام غوث کورائی ملک شاہ غفور جنرل سیکرٹری بن گئے نتائج کے اعلان پر حامیوں کا جشن‘ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازیخان کے انتخابات میںپیپلزپارٹی کے حمایت یافتہ سردار محمدنسیم خان کھوسہ324 ووٹ لے کر صدر اورملک بلال احمد بوہڑ368 ووٹ لے کر جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ان کے مدمقابل صدر کے عہدہ پرعظمت اسلام خان غلزئی نے 223،سلیم رضا کان کاکڑ نے 222اور میاں محمد فہیم اکبر نے 42 نے ووٹ جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست پرسید محمد جہانگیر شاہ نے 228اور اعجاز احمد کلاچی208 ووٹ لے سکے چیئر مین الیکشن بورڈ سردار عبدالغنی خان کھوسہ نے نتائج کا اعلان کرتے ہو ئے بتایا کہ کل 941ووٹوں میں سے811ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ان نے بتایا کہ نائب صدر کے عہدہ پرمحمد بشیر حجبانی نے 353 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ان کے مدمقابل محمد طفیل ترین نے 236اور آغا حسین احمد179 ووٹ لئے لائبریری سیکرٹریکی نشست پر محترمہ منور سلطانہ مہپال نے 372 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی اور ان کے مدمقابل ملک غلام عباس چنڑ303اور محمد خالد ملانہ111 ووٹ لے سکے جبکہ سندس رحیم فنانس سیکرٹری اور محمد طاہر گورمانی جوائنٹ سیکرٹری پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں کامیاب امیدواروں کے حامیوں کے بھنگڑے،جئے بھٹو کے نعرے، پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائیاں کھلائیں۔تونسہ شریف سے نامہ نگار کے مطابق تونسہ بار ایسوسی ایشن میں صدر سردار محمد اطہر خان ملغانی جبکہ جنرل سیکرٹری ملک شاہ غفور سونرا بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے۔ جبکہ سردار جمال خان اور حمید خان سکھانی الیکشن ہار گئے اس موقع پر نو منتخب صدر سردار اطہر خان ملغانی اور جنرل سیکرٹری ملک شاہ غفور کو ملک ظفر لائنرز گروپ سردار خالد خان گروپ‘ سردار عاطف ریاض گاڈی گروپ سردار مظہر ظہور گروپ کی مکمل حمایت حاصل تھی جبکہ سردار جمال خان بزدار‘ حمید اﷲ خان سکھانی کو سردار امیر عبداﷲ گروپ‘ بلوچ گروپ‘ سید رضا حسین گروپ کے علاوہ دیگر گروپوں کی حمایت حاصل تھی اس موقع پر نو منتخب صدر سردار اطہر ملغانی جنرل سیکرٹری ملک شاہد غفور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم تونسہ بار کے وکلا کے مسائل حل کریں گے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راجن پور کے سالانہ الیکشن 2020 کے غیر حتمی نتائج کے مطابق سید ظفر حسین بخاری 231 ووٹوں کے ساتھ صدر ڈسٹرکٹ بار راجن پورمنتخب جبکہ مدمقابل نصراللہ قریشی 219 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اسی طرح عمر فاروق بزدار 274 ووٹوں کے ساتھ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار راجن پور منتخب مدمقابل چوہدری محمد یوسف 173 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ڈسٹرکٹ بار بہاولپور کے انتخابات لیاقت سمیع خان صدر اور عمران عزیز چنڑ جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار بہاولپور کے انتخابات برائے سال 2020منعقد ہوئے چیئرمین الیکشن بورڈ اختر منیر پیرزادہ کے اعلان کے مطابق ان انتخابات میں 984ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا عہدہ صدارت پر لیاقت سمیع خان نے 558ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ان کے مد مقابل اختر عباسی 413ووٹ حاصل کرسکے جنرل سیکرٹری کے عہدہ کیلئے عمران عزیز چنڑ نے 653ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی جبکہ ان کے مد مقابل غلام مصطفی خالد نے 326ووٹ لیے 5ووٹ مسترد کردیئے گئے۔تحصیل بار ایسوسی ایشن علی پور کے الیکشن میں صدارت کے امیدوار صادق حسین خان رند نے 228 ووٹ لیکر میدان مار لیا ہے انکے مدمقابل ملک مجیب الرحمن جکھڑ نے 189 ووٹ حاصل کئے اسی طرح جنرل سیکرٹری کی نشست پر ملک عبدالحکیم 231 ووٹ لیکر دوسری مرتبہ کامیاب ہوگئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن