ٹیکسٹائل کی صنعت کا بحران
مکرمی! کپاس کی اس صورتحال کی وجہ سے گزشتہ کئی سالوں سے ہمارا اہم شعبہ ٹیکسٹائل کی صنعت بحران کا شکار ہے اور اسی وجہ سے ہماری برآمدات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ ملکی معیشت میں ٹیکسٹائل کے شعبے کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں۔ اس شعبے کا ملکی برآمدات، ملازمتوں کی فراہمی، ملکی سطح پر معاشی سرگرمیوں اور ریونیو میں نمایاں حصہ ہے۔ اس شعبے کے فروغ سے مراد برآمدات، ملازمتوں، معاشی سرگرمیوں اور ریونیو میں اضافہ کرنا ہے جب کہ اس شعبے کی شرح نمو میں کمی ملکی معیشت کی کمزوری سے تعبیر کی جا سکتی ہے۔ ملکی ٹیکسٹائل صنعت کے معاشی کردار کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ موجودہ حکومت نے نئی ملازمتوں کے مواقع اور برآمدات میں اضافے کے لئے جو اہداف مقرر کر رکھے ہیںٹیکسٹائل سیکٹر کی بہتری کے بغیران کا حصول مشکل نظر آتا ہے۔ ایسا ممکن ہے اگر پانی، بجلی اور گیس کی قابلِ برداشت نرخوں پر بلا تعطل فراہمی، بینکوں کے مارک اپ میں کمی، امریکہ اور یورپی یونین کی ڈیوٹی فری مارکیٹ تک رسائی، کاٹن کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا اور انفرا سٹرکچر بہتر بنانے سے ہماری برآمدات میں یقیناً خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز کو اپنی مصنوعات میں تنوع، کوالٹی اور پیداواریت میں اضافہ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ وغیرہ کر کے اپنی برآمدات میں اضافہ کرنا ہو گا۔ (رانا زاہد اقبال ‘ فیصل آباد)