فوڈ اتھارٹی کا آپریشن ،بچوں کیلئے کھانے کی انتہائی ناقص اشیاء بنانے والی چارفیکٹریاں سیل
لاہور(این این آئی )ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ٹیم نے گرینڈآپریشن کرکے بچوں کیلئے انتہائی ناقص اشیا ئے خورونوش تیار کرنے والی چارفیکٹریاں سیل کر دیں، مقدمہ درج کر کے ایک شخص کوگرفتار جبکہ 7 ہزار کلو سے زائد ناقص مال ،3ہزار 350 کلو جعلی چاکلیٹ پائوڈر،2200 کلو مصنوئی بیس،1375کلوملک پاڈر، 400 کلو کھلے مصالحے اور 60 کلو نوٹلز تلف کر دئیے کر دئیے گئے۔فوڈاتھارٹی کی ٹیم نے فیضان فیکٹری کے گودام اور دوکان کو سیل کر دیا گیا،فیروز پور قینچی سٹاپ پر اے بی این فوڈز، ایس بی این فوڈزاور عابد نمکو کے پروڈکشن یونٹس سیل کر دئیے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق ان مقامات پر زائدالمیعاد، ملاوٹی ناقص خام مال اور فوڈ سکریپ سے بچوں کی اشیا ئے خورونوش تیار کی جا رہی تھیں۔نمکو کی تیاری میں ملاوٹی کھلے مصالحہ جات اور ناقص آئل کا استعمال کیا جارہا تھا۔تیار پروڈکٹ پر تاریخ میعاد اور لیبلنگ نہ کرنے پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ خام مال کی خرید اور استعمال کا ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا۔انہوںنے کہا کہ بچوں کے لیے تیار کی جانے والی اشیا خورونوش کی کوالٹی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔