• news

قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس آج ہونگے‘شہریار آفریدی رانا ثناء اللہ کی تقریر کا جواب دیں گے

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 2روزہ وقفے کے بعد آج(پیر) دوبارہ ہونگے۔قومی اسمبلی میں وزیر مملکت انسداد منشیات شہریار آفریدی لیگی رہنما رانا ثناء اللہ سے متعلق منشیات کیس کی تفصیلات ایوان میں بیان کرینگے جبکہ سینیٹ میں موجود حکومت کے پہلے سال مالیاتی خسارے میں8.9فیصد اضافے،پاکستان ریلوئے کی پی ٹی آئی حکومت میں ایک سالہ کارکردگی اور ملک میں کاروں کی فروخت میں ریکارڈ کمیٹی سے متعلق تحاریک پر بحث کی جائے گی جبکہ ملک بھر میں ٹول پلازوں کی فیس میں10فیصد اضافہ فوری واپس لینے اور وفاق کے زیر کنٹرول ہسپتالوں سٹیٹ آف آرٹ ٹراما سینٹرز کی تعمیر سے متعلق قرار دادیں پیش کی جائیں گی۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے19نکاتی اورسینیٹ سیکرٹریٹ نے30نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت شام4بجے ہو گا قومی اسمبلی میں پنجاب اور سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور جاری گیس منصبوبوں کی بندش سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پیش کئے جائیں گے۔وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ،اعظم خان سواتی،ڈاکٹر فروغ نسیم،مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور شفقت محمود اپنی اپنی وزارتوں سے متعلق بل پیش کریںگے۔سینیٹ کا اجلاس 2روزہ وقفے کے بعدآج )پیر) چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سہ پہر3بجے ہو گا ۔سینیٹ سیکرٹریٹ نے30نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ایجنڈے کے مطابق سینیٹ میں پرائیوٹ ممبر ڈے پر سینیٹرز اپنے اپنے نجی بل پیش کرینگے ۔موجود حکومت کے پہلے سال مالیاتی خسارے میں8.9فیصد اضافے،پاکستان ریلوے کی پی ٹی آئی حکومت میں ایک سالہ کارکردگی اور ملک میں کاروں کی فروخت میں ریکارڈ کمیٹی سے متعلق تحاریک پر بحث کی جائیگی ۔

ای پیپر-دی نیشن