میگھن کی شوبز میں واپسی متوقع، ملکہ نے شاہی جوڑے کو منانے کیلئے اجلاس بلا لیا
لندن (آئی این پی، انٹرنیشنل ڈیسک ) برطانوی شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن کو منانے کیلئے ملکہ برطانیہ نے خاندان کے بڑوں کا اجلاس بلا لیا۔ اجلاس میں ملکہ برطانیہ کے شوہر پرنس فلپ بھی شامل ہوں گے۔ شہزادی میگھن کو فون کے ذریعے بیٹھک میں شامل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 9 جنوری کو شاہی جوڑے نے انسٹا گرام پر شاہی خاندان سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ برطانوی شہزادے ہیری کی ہالی وڈ پروڈیوسر سے میگھن مارکل کے لیے کام مانگنے کی ویڈیو منظرِ عام پرآ گئی ہے۔ شہزادہ ہیری کے فیصلے کے بعد برطانوی شاہی خاندان میں پھوٹ پڑنے کی خبریں زیر گردش ہیں۔ شہزادہ ہیری نیلائن کنگ کے پریمئر کے موقع پر میگھن مارکل کے لیے کام مانگا تھا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہزادہ ہیری کہہ رہے ہیں کہ میری بیوی کو کام چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے چیریٹی کے لیے امداد کے بدلے میں ڈزنی کے ساتھ وائس اوور کی ڈیل کر لی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے عہدہ چھوڑنے کے بارے میں ایلٹن جان کو پہلے بتایا تھا، لیڈی ڈیانا کے دوست سر ایلٹن جان شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے رازدار ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل نے اس حوالے سے امریکی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے بھی مشورہ کیا تھا۔ میگھن مارکل نے ہیلری کلنٹن سے فاونڈیشن کے قیام سے متعلق مشورہ لیا تھا جب کہ میگھن مارکل شوبز کی دنیا میں واپس آنیکا بھی ارادہ رکھتی ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کتابیں لکھنے سمیت میڈیا پر کوئی پروگرام کرنے یا سوشل میڈیا کے پلیٹ فام کو بھی کمائی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ اسی طرح یہ خبریں بھی ہیں کہ مالی طور پر خودکفیل ہونے کے لیے 38 سالہ میگھن مارکل ایک بار پھر اداکاری کے شعبے میں انٹری دیں گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ برطانوی اخبار ’میٹرو‘ نے بتایا کہ شاہی حیثیت سے دستبرداری کے بعد اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ میگھن مارکل ایک بار پھر شوبز کی دنیا میں انٹری دیں اور ابتدائی طور پر اداکارہ وائس اوور اور پروموشن ایونٹ میں شرکت کرتی دکھائی دیں گی۔