بنگلہ دیش ضد پر قائم، پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے باضابطہ انکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے گورننگ بورڈ اجلاس کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکارکا باضابطہ اعلان کردیا جبکہ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی حامی بھری ہے۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا گورننگ بورڈ اجلاس اتوار کے روز ڈھاکہ میں منعقد ہوا جس میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے شیڈول دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں ممبران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں ابھی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی جا سکتی تاہم ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے وہ اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے کو تیار ہیں۔میٹنگ کے بعد صدر بی سی بی نظم الحسن نے اعلان کیا کہ حکومتی ایڈوائس کے مطابق پاکستان میں صرف ٹی ٹونٹی کھیل سکتے ہیں ۔ بنگلہ ٹیم پاکستان میں مختصر قیام کرسکتی ہے ۔ بی سی بی باضابطہ طور پرپاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر باتیں سنی ہیں تاہم پی سی بی کو بنگلہ دیش بورڈ کی جانب سے کوئی پیغام وصول نہیں ہوا ہے۔ سمیع برنی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں شرکت کیلئے جا رہے ہیں جو 13 سے 17 جنوری تک دبئی میں ہو رہی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی بھی جواب ملتا ہے تو اس پر ہی پاکستان کرکٹ بورڈ اپنا جواب دیگا۔ بورڈ پہلے ہی واضح کر چکا ہے ‘دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے کم نہیں کھیلیں گے ۔