پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آرہی ہے، عثمان بزدار: بغیر پروٹوکول ملتان کا دورہ
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول پرائیویٹ گاڑی میں ملتان شہر کا دورہ کیا۔ ملتان ایم ڈی اے کی طرف سے قائم کئے گئے ماڈل ٹاؤن کے بند کئے گئے راستوں کا نوٹس لیتے ہوئے ملتان انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ماڈل ٹاؤن کے تمام داخلی اور خارجی گیٹ کھلوائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے شہر میں سیوریج اور صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور واسا کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر سے ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کا اعلی معیار برقرار رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ماڈل ٹاؤن کے بند گیٹ فوری طورپر کھول دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیصل آباد کے علاقے میں تشدد سے گھریلو ملازمہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جاں بحق ملازمہ کے غمزدہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ سرگودھا کے علاقے میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کے واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پرانی روایات کا خاتمہ کر کے تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ نئے پاکستان میں شاہ خرچی کے بجائے کفایت شعاری کو شعاربنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محروم لوگوں کے حالات بدلنا چاہتے ہیں، بدل کر دم لیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے گڈ گورننس اورخدمات کا معیار بہتر بنائیں گے۔ سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام کے ذریعے سروسز کے عمل کی موثرنگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بیشترسرکاری محکموں کے نظام کمپیوٹرائز ڈکیے جاچکے ہیں۔ مختلف محکموں میں سرکاری ملازمین کا ریکارڈ بھی بتدریج کمپیوٹر پر منتقل کیا جارہا ہے۔ پیپر لیس خودکارسسٹم سے سروسز کا معیار خود بخو د بہتری کی طرف گامزن ہوگا۔ آئی ٹی کے استعمال سے سرکاری اہلکاروں کے خلاف شکایات میں کمی آرہی ہے۔ سرکاری دفاتر میں آئی ٹی سسٹم کرپشن کے عمل کو زیرو پر لے آئے گا۔ انڈسٹریل زونز کے قیام کے عمل کو جلد ازجلد مکمل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں انڈسٹریل زونز بنے سے معاشی محرومیاں ختم ہوجائے گی۔جنوبی پنجاب کو پاکستان کا خوشحال خطہ بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آرہی ہے۔ صنعتوں کا جال بچھا کر ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گجرات کے علاقے میں گھر میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اور واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے طیارہ گرنے کے باعث پائلٹ سمیت 2افراد کی شہادت پر دکھ کا اظہارکیا ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صحافی‘ دانشور اور کالم نگار مجیب الرحمنٰ شامی کو گلدستہ بھجوایا اور مجیب الرحمنٰ شامی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔