وادی لیپہ: پاک فوج نے برفانی تودہ میں پھنسے 60 افراد کو ریسکیو کر لیا
مظفر آباد (نوائے وقت نیوز) آزادکشمیر کی وادی لیپہ میں لمنیاں روڈ پر برفانی تودہ گرنے سے 10 گھنٹوں تک شدید سردی میں پھنسے 60 سے زائد مسافروں کو پاک فوج نے ریسکیو کر لیا ہے۔ آزادکشمیر کی وادی لیپہ میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہو گئی تھی اور 15 سے زائد گاڑیاں پھنس گئی تھیں جن میں 60 سے زائد افراد موجود تھے‘ تاہم پاک فوج نے امدادی کارروائی انجام دیکر ان تمام پھنسے ہوئے افراد کو نکال لیا ہے۔ بلوچستان‘ کشمیر‘ خیبر پی کے اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ متعدد بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیاہے۔