• news

پاک بحریہ کے جہاز جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیا پہنچ گئے  

اسلام آباد/ سٹاف رپورٹر/پاک بحریہ کے بحری جہازوں پی این ایس معاون اور پی این ایس اصلت نے افریقی خطے میں تعیناتی کے تحت کینیا کی بندرگاہ ممباسا کا دورہ کیا۔ مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے کمانڈر اِن چیف کینین نیوی اور ممتاز حکام سے ملاقاتیں کیں۔ کینین نیوی کے ساتھ بحری مشق کے علاوہ فری میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا۔ اس دورے کو مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لئے بھی بھر پور طور پر استعمال کیا گیا۔ بندرگاہ ممباسا آمد پر کینین  نیوی کی جانب سے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ کمانڈر اِن چیف کینین نیوی اور کمشنر ممباسا سمیت دیگر کینین حکام سے ملاقاتیں کیں۔  کینیا کے حکام سے ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالعموم کینیا کی عوام اور بالخصوص کینین نیوی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے حکام نے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ مشن کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا جس کا میزبان حکام نے بھی اعتراف کیا۔ خیر سگالی کے طور پر پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ٹیم نے بندرگاہ کے احاطے میں فری میڈیکل کیمپ بھی  لگایا۔ اس کیمپ میں بایئس سو سے زائد مقامی مریضوں کو طبی علاج اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ کچھ مریضوں کا پاک بحریہ کے جہاز معاون پر بھی علاج کیا گیا، جو کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے۔ پاکستان نیوی کے میڈیکل کیمپ کو مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر سراہا جس سے زبردست خیر سگالی کا جذبہ پیدا ہوا۔ بندر گاہ پر قیام کے دوران جہاز پر اعزازی عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کینین نیوی کے سینئر افسران، سفارتی اور معروف مقامی شخصیات سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشن کمانڈر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بر بریت، کشمیریوں کی حالت زار اور کشمیریوں کی حق و انصاف کی جدود جہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں معزز شخصیات کو آگاہ کیا۔ بعدازاں کینیا اور  پاک بحریہ کے جہازوں نے کینیا کی سمندری حدود میں بحری مشق بھی کی۔  پاک بحریہ کے بحری جہازوں کی حالیہ تعیناتی کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات، بحری تعاون کا فروغ اورمیزبان بحریہ کے ساتھ باہمی روابط استوار کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن