سرینا کا 3سال بعد پہلا ٹائٹل، انعامی رقم آسٹریلیا بش فائر میں دینے کا اعلان
لاہور(سپورٹس ڈیسک) امریکہ کی ٹینس سٹار سرینا ولیمز نے فائنل مقابلے میں اپنی ہم وطن حریف جیسیکا پیگولا کو چھ تین اور چھ چار سے شکست دے کر آکلینڈ ٹینس کے فائنل کو اپنے نام کیا۔خیال رہے کہ سرینا ولیمز نے 2017ء کے بعد پہلی دفعہ کوئی انٹرنیشنل ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے آکلینڈ ٹینس کا فائنل جیتنے کے بعد اعلان کیا کہ وہ اس سے حاصل ہونے والی انعامی رقم کو آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگی آگ سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے وقف کریں گی۔اس سے قبل ویمن سنگلز کا سیمی فائنل میں سرینا ولیمز اور امانڈہ انیسی مووا آمنے سامنے آئی تھیں۔ سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے تجربہ کاری دکھاتے ہوئے پہلا سیٹ چھ ایک سے جیتا جبکہ دوسرا سیٹ بھی چھ ایک سے ہی اپنے نام کیا۔خیال رہے کہ آسٹریلیا میں خوفناک آتشزدگی کے بعد عالمی سطح پر مہم شروع ہو چکی ہے۔ اسی حوالے سے عالمی سطح پر شین وارن اور شاہد آفریدی نے بھی امدادی مہم شروع کی ہوئی ہے۔ اب اس امدادی مہم میں نامور ٹینس سٹار اور امریکہ کی سابق عالمی نمبر ون سرینا ولیمز بھی سامنے آگئی ہیں۔ آسٹریلیا میں آتشزدگی پر قابو پانے میں مصروف رضاکاروں کیلئے امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے رواں سال کے پہلے ٹورنامنٹ میں دستخط شدہ لباس عطیہ کر دیا ہے۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آسٹریلیا کے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ سے پیدا شدہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے فائر فائٹرز کے فنڈز میں استعمال کی جائیگی۔