قومی ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ: ڈیٹا مائٹس نے بلاسٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر )سہ فریقی قومی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پی سی بی ڈائنامائٹس نے پی سی بی بلاسٹرز کو7وکٹوں سے شکست دے دی۔ آل راؤنڈر عمیمہ سہیل نے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کرکے پی سی بی ڈائنامائٹس کو ایونٹ میں پہلی کامیابی دلائی۔ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر موجود پی سی بی بلاسٹرز کی یہ ایونٹ میں پہلی ناکامی ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری قومی ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں پی سی بی بلاسٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ اوپنر جویریہ خان39 گیندوں پر 43 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہیں۔ انہوں نے دوسری وکٹ کے لیے جویریہ رؤ ف کے ہمراہ 92 رنز کی شراکت قائم کی۔ جویریہ رؤف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے ثناء میر نے 2 جبکہ عمیمہ سہیل اور کائنات امتیاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پی سی بی ڈائنامائٹس نے مطلوبہ ہدف 2 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ نمایاں بیٹر عمیمہ سہیل رہیں جنہوں نے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کی۔ وہ 44 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ مڈل آرڈر بیٹر کائنات حفیظ کی 39 رنز کی اننگز نے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے عالیہ ریاض اور ماہم طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں ایک وکٹ اور ناقابل شکست نصف سنچری سکور کرنے پر عمیمہ سہیل کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔