• news

یوٹیلٹی سٹورز کے سامان کی مارکیٹ میں فروخت‘ وزیراعظم کا نوٹسایم ڈی ملازمین پر برس پڑے‘ ’’کسی کا منہ بند کرنا ہو تو 5 کلو چینی یا آٹا دے دو‘‘

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بدین میں یوٹیلٹی سٹورز کا سامان عام مارکیٹ میں فروخت ہونے کی اطلاعات پر وزیراعظم نے منیجنگ ڈائریکٹرسے وضاحت طلب کر لی۔ جبکہ ایم ڈی نے جوابا اپنا غصہ ملازمین پر نکالا۔ وزیراعظم نے عوام کیلئے یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا ہے جس پر عمل جاری ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے نوٹس لئے جانے کے بعد اپنے آڈیو پیغام میں زونل منیجرز سے کہا کہ آپ لوگ میڈیا کو ہینڈل نہیں کر پاتے، کسی کا منہ بند کرنا ہو تو 5 کلو چینی یا آٹا دے دو۔ ایم ڈی عمر لودھی نے زونل منیجرز کو پیغام دیا کہ وزیر اعظم ہاؤس نے وضاحت مانگی ہے۔، 25/25 سال کا تجربہ رکھنے کے باوجود آپ لوگ میڈیا مینیج نہیں کر پاتے، اس ملک میں منہ بند کرانے کے 10 ہزار طریقے ہیں، بات سمجھنا چاہتے ہیں تو سمجھ لیں۔ عمر لودھی نے مزید کہا کہ ’کسی کا منہ بند کرنا ہو تو پانچ کلو چینی یا آٹا دے دو، پتہ نہیں آپ کو کب عقل آئے گی، وزیراعظم ہاؤس کو کیا وضاحت دوں کہ یہ میری یا میرے عملے کی نالائقی ہے؟۔ کراچی زونل منیجر اور ریجنل منیجر کو اس کی قیمت ادا کرنا ہو گی، اگر اب کہیں سے منفی تاثر ملا تو متعلقہ زونل منیجر ذمے دار ہوں گے، اگر اب منفی خبر آئی تو برطرفیاں ہونگی۔ دوسری طرف اکنامک جرنلسٹ فورم نے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کے صحافیوں کے بارے میں تضحیک آمیز آڈیو بیان کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایم ڈی اپنے بیان پر معذرت کریں ورنہ ان کی تقریبات کا بائیکاٹ کا اعلان کر دیں گے۔ صدر اکنامک جرنلسٹ فورم اظہر جتوئی، سینئر نائب صدر ریاض تھہیم سیکرٹری جنرل تنویر ہاشمی، خزانچی شہزاد پراچہ ،سمیت دیگر عہدیداروں نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ایم ڈی کا میڈیا کے حوالے سے خیالات آڈیو بیان انتہائی نا مناسب اور تضحیک آمیز ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے ،کم ہے۔ ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور عمر لودھی کو آئینہ دکھایا گیا تو وہ برا مان گئے، انہیں برا ماننے کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہیے، اکنامک جرنلسٹ فورم نے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز سے فوری معذرت کرنے کا مطالبہ کیا،اگر ایم ڈی نے معذرت نہ کی تو ان کی تقریبات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن