نیب ترمیمی آرڈیننس میں بہت خرابیاں، اسلام سے ہم آہنگ نہیں: اسلامی نظریہ کونسل
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی نظریہ کونسل نے قرار دیا ہے کہ نیب آرڈیننس میں اس قدر سقم ہیں کہ اسے دین اسلام سے ہم آہنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الزام پر ہتھکڑی پہنانا، میڈیا میں تشہیر اور ثبوت کے بغیر قید کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ جبکہ شریک ملزم کی دوسرے ملزم کے خلاف شہادت معتبر نہیں ہے۔ وعدہ معاف گواہ اعتراف جرم کے بعد خود سزا کا حقدار ہے۔ آرڈیننس کی دفعہ 26 کے تحت شریک ملزم کو وعدہ معاف گواہ بنانا درست نہیں ہے۔ اس کے علاوہ نیب آرڈیننس میں پلی بارگین کی اجازت دینے کو بھی اسلامی احکامات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ کونسل نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ الزام ثابت ہونے تک ملزم کے ساتھ مجرم والا سلوک جائز نہیں ہے۔ نیب آرڈیننس کی دفعہ 14 ڈی اسلامی احکامات کے منافی ہے، اس کے تحت کرپشن کا الزام لگنے کے بعد صفائی پیش کرنا ملزم کا کام ہے۔ اسلامی احکامات کے مطابق بار ثبوت الزام لگانے والے پر ہوتا ہے۔