• news

شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات‘ خطہ کی صورتحال پر گفتگو

ریاض +مکہ مکرمہ+ اسلام آباد (امیر محمد خان سے + ممتاز احمد بڈانی+ سٹاف رپورٹر ز) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات ہوئی دوران ملاقات مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ ئ￿ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریسی کا کہنا تھا خطے میں پائی جانے والی کشیدگی باعث تشویش ہے۔ اس کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطے کے امن و استحکام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر، پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا جائے۔ پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کو ،صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہمیں تشویش ہے کہ اگر اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے، بروقت اقدام نہ اٹھائے گئے تو یہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ ایران اور امریکہ دونوں اپنے اپنے بیانات میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ مزید کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے تاکہ معاملات افہام و تفہیم کیساتھ، پر امن انداز میں طے پا سکیں‘ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں اضافے سے "افغان امن عمل" جو اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے, اس کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اعلامیہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی بحرانی کیفیت پر قابو پانے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے ،کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی "امن کاوشوں" کو سراہا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورے اور کوششوں کا خیر مقدم کیا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ، ریاض پہنچے پر سعودی وزارت خارجہ کے ڈپٹی منسٹر آف پروٹوکول اعظم القین ، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، راجہ علی اعجاز اور پاکستانی سفارت خانے کے سنیر حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دوسرے مرحلے میں، سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے عمان روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے دورہ عمان کے دوران، سلطنت عمان کے سابق فرمانروا سلطان قابوس بن سعید کے انتقال پر شاہی خاندان سے اظہار تعزیت کریں گے۔ اس سے قبل سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر خارجہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ دوطرفہ تعلقات انتہائی گہرے، کثیر الجہتی اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ پر استوار ہیں جو وقت کے ساتھ مختلف جہات میں مسلسل فروغ پارہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ "امن کے شراکت دار" کی حیثیت سے پاکستان امن کے لئے تمام کوششوں کی حمایت کرے گا اور متعلقہ فریقین میں تعمیری رابطوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ وزیر خارجہ نے کشمیر کے معاملے پر بھرپور حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور معاشی و اقتصادی شعبوں میں گہرے ہوتے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی اسٹریٹیجک اہمیت کا اعادہ کیا اور تمام شعبہ جات میں باہمی تعاون کو گہرا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ علاقائی تناظر میں سعودی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورے اور کشیدگی میں کمی، امن و استحکام کے قیام اور سفارتی ذرائع سے حل تلاش کرنے کی کوششوں کی پاکستان کی جانب سے حمایت کا خیرمقدم کیا۔ دونوں جانب سے خطے اور دنیا میں امن و سلامتی پر اثرات مرتب کرنے والے معاملات پر قریبی مشاورت اور رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

ای پیپر-دی نیشن