• news

سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینگے: عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان میں ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹنکے کامیاب دورہ پاکستان خصوصاً لاہور میں شاندار مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، سیاحت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنر ہیں۔ پنجاب میں تعلیم،صحت اور دیگرسماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پنجاب میں 10 سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیںاور لاہور میں سپیشل اکنامک زون کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میںسرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں اور ہم برطانوی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔برطانوی سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری پر ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کے حوالے سے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ پاکستان خصوصاً پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے بے پناہ کام کیا گیا ہے۔ پاکستان خصوصاً پنجاب میں مذہبی سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ پاکستان معاشی ترقی کے سفر پر ٹیک آف کر چکا ہے بلاشبہ لاہور ایک بہترین شہر ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو شرکت کی دعوت دی۔ عثمان بزدار نے راجن پور کے علاقے داجل میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بارشوں کی وجہ سے پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ، پولیس اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے 24 گھنٹے چوکس رہیں۔ عثمان بزدار نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور برفباری اورشدید بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے تیار ہے۔ ارفع کریم کی آٹھویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ کہا ہے کہ پاکستان کی ہونہار اورذہین بیٹی ارفع کریم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔ ارفع کریم نے کم عمری میں اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میںروشن کیا۔

ای پیپر-دی نیشن