بنگلہ دیش کا پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار آئی سی سی کی ناکامی ہے: خالد محمود
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کا شیڈول کے مطابق پاکستان میں کھیلنے کے حوالے انکار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ناکامی ہے۔ آئی سی سی کو رکن ممالک کو شیڈول سیریز کھیلنے کے حوالے سے پابند بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے اور دو ہزار سترہ سے اب تک ملک میں مسلسل کھیلوں کی بین الاقوامی سرگرمیوں کا انعقاد اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم ٹونٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بعد کوئی عذر نہیں رہتا۔ بنگلہ دیش کی وومن اور جونیئر ٹیمیں پاکستان میں کھیل کر جا چکی ہیں اس کے بعد کسی بھی قسم کا اعتراض بیمعنی ہو جاتا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے بیانات پر غور کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اصل مسئلہ کوئی اور ہے۔ جب ہم زمینی حالات اور سہولیات کا جائزہ لیتے ہیں تو پاکستان میں کوئی مسئلہ نظر نہیں آتا اس کے بعد آخری وجہ یہی بچتی ہے کہ انہیں کوئی اور دورہ پاکستان سے روک رہا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے زیر اثر تو رہتا ہے اور بھارت کسی صورت پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی نہیں چاہتا یہی وجہ ہے کہ وہ ان کی اپنی ٹیم بھی پاکستان آ کر نہیں کھیلتی اس کے علاوہ جہاں جہاں ان کا زور چلتا ہے وہ پاکستان کے لیے مسائل کھڑے کرتے رہتے ہیں۔ ورلڈ الیون بھی پاکستان کا دورہ کر چکی ہے، ملک میں پاکستان سپر لیگ میچز کا پرامن انعقاد ہو چکا ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہاں کھیل کر جا چکی ہے سری لنکا کی ٹیم اس مختصر وقت میں دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکی ہے اس لیے اب صرف ماضی کے واقعات کو بنیاد بنا کر پاکستان میں کھیلنے سے انکار سپورٹس میں سپرٹ کے خلاف ہے۔ پاکستان دنیائے کرکٹ کا ایک اہم ملک ہے۔ ہمارے لوگ کرکٹ اور کرکٹرز سے جنون کی حد تک پیار کرتے ہیں اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو۔ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں کرکٹ کھیلنے والے ممالک کا ساتھ دیا ہے۔ کھیل کو سیاست اور سیاسی فیصلوں سے آزاد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔