ائرمارشل کی فرمانروا بحرین سے ملاقات‘ باہمی تعاون بڑھانے کا اعادہ
اسلام آباد (آئی این پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے بحرین کے دورے کے دوران شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ سے بحرین کے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ ائیر چیف نے انہیں پاکستانی حکومت اور عوام کے جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔ شاہ حمد بن عیسیٰ نے دونوں ممالک کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دفاعی میدان میں بالعموم اور فضائی افواج کے درمیان بالخصوص موجود باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں ائیر چیف نے بحرین کے اعلی دفاعی عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں جنرل شیخ محمد بن عیسی بن سلمان الخلیفہ، کمانڈر نیشنل گارڈ اور لیفٹیننٹ جنرل دھیاب بن سقر النعامی، چیف آف سٹاف بحرین ڈیفنس فورس شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ تعاون اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ بعد ازاں، ائیر چیف نے میجر جنرل شیخ حماد بن عبداللہ الخلیفہ، کمانڈر رائل بحرین ائیر فورس سے ملاقات کی۔ رائل بحرین فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی اعلی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔