طیارہ حادثہ: آئی سی اے او نے تحقیقات میں شمولیت کی ایرانی دعوت قبول کرلی امید ہے شفاف پڑتال ہوگی: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ، ٹورانٹو (اے پی پی، سنہوا) اقوام متحدہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران یوکرائن کے طیارہ کو مار گرائے جانے کی شفاف اور مکمل جانچ پڑتال کو یقینی بنائے گا۔اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک پریس کانفرنس میں یہ کہا ہم نے اس بات کا نوٹس لیا ہے جس میں ایران کی حکومت کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ یوکرین کے طیارہ کو غلطی سے مار گرایا گیا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایران یوکرین کے طیارے کو مار گرائے جانے کی شفاف اور مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائے‘‘۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس طرح کی تحقیقات بین الاقوامی شہری ہوا بازی کانفرنس کے معاہدہ -13 کے مطابق کی جانی چاہئے۔ کینیڈا میں قائم انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) نے ایرانی حکومت کی طرف سے طیارہ حادثے کی تحقیقات میں شمولیت سے متعلق دعوت قبول کر لی ہے اور وہ یوکرائینی مسافر بردار طیارے کی تباہی کی تحقیقات میں شامل ہونے کیلئے اپنے ماہرین بھیجے گی جس میں سوار تمام 176افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پیر کو آئی سی اے او نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئی سی اے او اپنے ماہر ٹیکنیکل اہلکار ہدایات دینے اور تحقیقات کی نگرانی کیلئے بھیجے گی، آئی سی اے او اقوام متحدہ کی خصوصی مہارت کی حامل ایجنسی ہے۔