• news

چیف الیکشن کمشنر تقرری: پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے سلسلے میں قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، پارلیمانی کمیٹی میں حکومت نے سابق سیکرٹری الیکشن کمشن کا نام واپس لے لیا، حکومت نے بابر یعقوب فتح محمد کا نام چیف الیکشن کمشنر کی لسٹ سے نکال دیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے نئے نام کے لئے وقت مانگ لیا۔ آج اسلام آباد ہائی کورٹ سے مزید مہلت مانگے گی، پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے جلد کسی ایک نام پر اتفاق کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتے تک کسی بھی ایک نام پر اتفاق کر لیں گے، چیف الیکشن کمشنر کے نئے ناموں کا تبادلہ جمعہ کو ہو گا الیکشن کمشن کے دو ارکان کی تقرری پر اتفاق ہو چکا ہے جبکہ اپوزیشن نے دعوی کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے ہفتے تک اتفاق رائے سے ایک نام فائنل کر لیں گے۔ ذرائع کے مطابق نئے چیف الیکشن کمشنر کے لئے سابق وفاقی سیکرٹری فضل عباس میکن کی تقرری کا امکان ہے جبکہ اپوزیشن نے بھی حکومت کی طرف سے نامزدگی قبول کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن