عراق نے ہمارے فوجیوں کو نکالا تو اس کے اکاؤنٹس منجمد کردینگے: امریکہ
واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ نے عراقی انتظامیہ کو دھمکی دی ہے کہ اگر ہمارے فوجیوں کو نکالا تو ہم نیو یارک فیڈرل بینک میںاس کے اکائونٹ منجمد کر دیں گے۔دی وال سٹریٹ جرنل کے مطابق عراق پٹرول کی فروخت سے حاصل شدہ زرِمبادلہ کو نیویارک فیڈرل بینک میں رکھتا ہے اور اگر اس کے اکاونٹ کو منجمد کر دیا جاتا ہے تو ملک کو مالیاتی نظام میں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔امریکہ کے نیویارک فیڈرل بینک نے عراق کے مرکزی بینک کے اثاثوں کی مقدار سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کیں تاہم عراق مرکزی بینک کے جاری کردہ حالیہ مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق 2018ء کے آخر تک بینک کے نیویارک فیڈرل بینک میں اوورنائٹ ڈپازٹ کی مقدار 3 بلین ڈالر کے لگ بھگ تھی۔دعوے کے مطابق نیویارک فیڈرل بینک کے پاس دنیا بھر کے 250 کے قریب مرکزی بنکوں اور دیگر غیر ملکی سرکاری اداروں کے اکاونٹ موجود ہیں۔