قرآن پاک کی حرمت کا تقاضا ہے اسے سیاسی معاملات میں نہ لایا جائے: شجاعت
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی حرمت کا تقاضا ہے کہ اس مقدس ترین کتاب کو سیاسی معاملات کے بیچ میں نہ لایا جائے اور سپیکر قومی اسمبلی کو چاہئے کہ وہ اس بات کو ملحوظ خاطر رکھیں کہ کسی بھی حوالے سے یا کسی بھی طور پر قرآن پاک کے تقدس اور حرمت پر حرف نہ آئے۔ قومی اسمبلی میں قرآن مجید کو جس طرح موضوع بحث بنایا جا رہا ہے اور قرآنی آیات کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے وہ مناسب نہیں ہے کیونکہ کل کو یہ نہ ہو کہ جیسے بجٹ اجلاس کے موقع پر بجٹ دستاویزات کو پھاڑ کر پھینک دیا جاتا ہے اس طرح کہیں قرآن کریم کی بے حرمتی بھی نہ کر دی جائے، سپیکر قومی اسمبلی کو اس سلسلہ میں سخت ترین اقدام سے بھی گریز نہیں کرنا چاہئے۔