مقبوضہ کشمیر: ایک اور نوجوان شہید، صورتحال پر غور کیلئے سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہو گا
سرینگر (اے پی پی + این این ای) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیاں 163 ویں روز میں داخل ہو گئی ہیں۔ قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ ضلع بڈگام میں ایک اور کشمیری کو شہید کر دیا گیا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں 2 دنوں میں شہید کشمیریوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ قابض بھارتی فوج نے ضلع بڈگام کے علاقے بہرام پورہ میں محاصرے کی آڑ میں فائرنگ کر کے کشمیری نوجوان کو شہید کیا۔ دوسری جانب مقبوشہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کیسلامتی کونسل کا اجلاس آج بدھ کو نیویارک کے وقت کے مطابق دن 12 بجے ہو گا جس میں اگست کے بعد دوسری بار مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بات ہو گی جب کہ اقوام متحدہ فوجی مبصرین گروپ ایل او سی کی صورتحال پر بریف کرے گا۔ کشمیر کی صورتِ حال پر چین نے سلامتی کونسل کے یہ اجلاس بلانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وادی میں مواصلاتی ذرائع پر پابندی اور لوگوں کی بڑے پیمانے پر نظر بندی ختم کرانے کی غرض سے بھارت پر زور دینے کے لیے امریکی کانگریس میں قرارداد پیش کرنے والوں میں شامل ہونے والی کانگریس کی خاتون رکن ڈیبی ڈینجیل نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ ڈیبی ڈینجیل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کشمیر میںانسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہیںجہاں ہزاروں افراد کو بلاجوازگرفتارکرلیا گیا ہے اور لاکھوں افراد کوانٹرنیٹ اور ٹیلیفون کی سہولت سے محروم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے میں نے قرارداد پر دستخط کیے ہیںتاکہ امریکہ دنیا کو یہ بتا سکے کہ ہم خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ نہیں ہیں۔کانگریس کی قرارداد فی الحال ضروری کارروائی کے لئے ایوان کی امورخارجہ کی کمیٹی کے پاس ہے۔کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے کہا کہ وہ بھارت میں امریکی سفیر کینتھ جسٹرکے حالیہ دورہ جموں و کشمیر کے حوالے سے ان کی رپورٹ کے منتظر ہیں۔ شرمین نے ٹویٹر پر لکھا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ اس رپورٹ سے یہ معلوم ہوگا کہ سفیر کو کس حد تک پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ، خاص طور پر ان کو نظربندوں سے ملنے کی اجازت دی گئی ہے یانہیں۔انہوںنے کہاکہ اس دورے اور رپورٹ کی اہمیت صرف سفیر کو دی جانے والی رسائی کی حد تک ہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع اودھم پور میں بھارتی سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے اہلکار وی این فاروقی نے مشتعل ہوکر اپنے ساتھیوں پر ہی فائرنگ کر دی اور بعد میں خودکشی کر لی۔ اس کی فائرنگ سے 2 اہلکار محمد تسلیم اور سنجے ٹھاکر ے مارے گئے، تیسرا شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس سپاہی کو چھٹی نہ دیئے جانے پر شدید غصہ آگیا تھا۔