• news

اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 356 منتخب نمائدوں کی رکنیت کرینکا فیصلہ

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن کا اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین اسمبلی کیخلاف ایکشن، 356 ارکان کی اسمبلی اور سینٹ کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے31 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود ارکان نے تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔1195 ارکان میں سے صرف 838 ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔ جن ارکان نے اثاثوں کی تفصیل جمع نہیں کرائی ان میں قومی اسمبلی کے 98، پنجاب اسمبلی کے 122 ‘ سندھ اسمبلی کے 40 ارکان شامل ہیں۔ بلوچستان اسمبلی کے 22، خیبر پی کے اسمبلی کے 61 اور سینٹ کے 13 ارکان شامل ہیں۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو 15 روز کے اندر انتخابی گوشواروں میں تضاد دور کرنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے گوشواروں میں تضاد سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ بلاول کی جانب سے فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے اختیار پر اعتراض اٹھا تے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن گوشواروں میں تضاد پر کارروائی نہیں کرسکتا۔ اس پر الیکشن کمیشن کے ممبر ارشاد قیصر نے کہا کہ کوئی رکن اثاثے چھپائے یا غلط بیانی کرے تو کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی بنتی ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن تضاد پر صرف وضاحت مانگ سکتا ہے، اثاثوں میں تضاد کو کرپٹ پریکٹسز کے ساتھ جوڑنا درست نہیں۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے مختصر سماعت کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو کو 15 روز میں تضاد دور کرنے کی ہدایت کردی اور کیس کی مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن