• news

میٹرو ٹرین کو عوام کیلئے جلد آپریشنل کرنا چاہتے ہیں، ضروری امور بلا تاخیر نمٹائے جائیں: عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے آپریشنل اینڈ مینٹیننس کنٹریکٹ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آپریشنل اینڈ مینٹیننس کنٹریکٹ کو محکمہ قانون کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ قانون کنٹریکٹ کا جائزہ لے کر حتمی رائے دے گا۔ وزیراعلیٰ نے کنٹریکٹ سے متعلقہ امور قواعد و ضوابط کے مطابق جلد طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو عوام کیلئے جلد آپریشنل کرنا چاہتے ہیں، لہٰذا ضروری امور کو بلاتاخیر نمٹایا جائے۔ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی استطاعت کے مطابق ہو گا اور کرایہ طے کرنے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آپریشنل اینڈ مینٹیننس کنٹریکٹ چین کی کمپنی نورینکو انٹرنیشنل نے سب سے کم بولی دے کر حاصل کیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بحث کیلئے سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جانا پاکستان تحریک انصاف حکومت کی خارجی محاذ پر بڑی کامیابی ہے۔ جموں و کشمیر کی دگرگوں صورتحال عالمی برادری کی خصوصی توجہ کی طالب ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈائون کو 163 روز ہو چکے ہیں۔ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ عثمان بزدار نے چودھری سجاد مہیس کی رہائشگاہ لاہور کینٹ آکر ان کے بیٹے ہمایوں سجاد کی شادی پر مبارکباد دیتے ہوئے گلدستہ کا تحفہ دیا۔

ای پیپر-دی نیشن