• news

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان پر راضی: سیریز کا شیڈول تبدیل

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے ہوگیا۔سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان دبئی متحدہ عرب امارات میں ملاقات کے دوران دی گئی۔ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ مہمان ٹیم 7 سے11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔ چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں‘انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن اور محفوظ ملک ہے ‘دنیا کی تمام ٹیموں کو اب دورہ پاکستان کرنا چاہئے۔کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی دینگے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔دنیا کی کوئی بھی ٹیم دورہ پاکستان کرے گی تو اسے فول پروف سکیورٹی دینگے ۔

ای پیپر-دی نیشن