عمران صاحب !کیا نوازشریف کی صحت پر ڈرامے سے معاشی تباہی ختم ہو گئی: مریم اورنگزیب
لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نوازشریف کی صحت پر سیاست قابل مذمت ہے ،جن رپورٹس پر سیاسی تماشہ کیا گیا وہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور نوٹری پبلک، فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس یو کے سے تصدیق شدہ ہیں،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت پر سیاسی ڈرامہ رچانے سے کیا مہنگائی14 فیصد سے کم ہو گئی ،کیا ترقی کی شرح واپس 5.8 فیصد پر آ گئی ،ایک سال میں لیاگیا 11000ارب کا تاریخی قرض کیا کم ہو گیا؟۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت پر سیاسی تماسہ کرنے سے کیا پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکری مل گئی ،سیاسی نوٹنکی کر کہ کیا ٹیکس ریوینیو کا 282 ارب کا تاریخی خسارہ ختم ہو گیا،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ختم ہو گیا ،سرکاری ہسپتالوں میں علاج کیا پھر سے مفت شروع ہو گیا ،16ماہ سے بند دوائیاں کیا پھر سے مفت ملنے لگی ہیں،کیا پشاور میٹرو مکمل ہو گئی ؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کیا نواز شریف کی صحت پر ڈرامہ کرنے سے 16ماہ کی معاشی تباہی ختم ہو گئی،آپ کا تاریخی جھوٹ، نااہلی ، نالائقی اور کرپشن کیا ختم ہو گئی ۔ عمران صاحب آپ نے نواز شریف کی صحت کا نوٹس لیا کبھی پاکستان کی عوام کی صحت کا بھی نوٹس لیں جس کا آپ نے بیڑہ غرق کر دیا ہے ، کبھی 14 فیصد کی تاریخی مہنگائی اور 2.5 فیصد شرح ترقی کا نوٹس بھی لیں۔عمران صاحب نواز شریف کی رپورٹس فوری طلب کر لیں ، کبھی 14 فیصد مہنگائی کی رپورٹ بھی فوری طلب کریں۔