پی ٹی آئی حکومت 5 سال پورے کرے گی: مراد سعید
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت پانچ سال کی آئینی مدت پوری کرے گی، ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے،24 ہزار ارب کے بیرونی قرض،1250 ارب کے گردشی قرضے ختم اور گروی رکھے گئے ائیر پورٹس اور موٹر ویز اپنے پائوں پر کھڑے ملیں گے، این ایچ اے نے سی پیک سے متعلق تمام منصوبے بروقت مکمل کیے ہیں، اب سی پیک کے مغربی روٹ پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، این ایچ اے ہر سال اپنی آمدن کے اہداف کو بڑھا رہی ہے، پانچویں سال 100 ارب آمدن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وہ بدھ کو این ایچ اے ہیڈکوارٹر میں نیشنل بینک آف پاکستان کے ساتھ قومی شاہراہوں پر زیتون کے پودے لگانے کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم، چیئرمین این ایچ اے، سیکرٹری این ایچ اے، نیشنل بینک اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے فلیگ شپ پرگراموں میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام، کامیاب جوان پروگرام، احساس پروگرام کے ساتھ ساتھ اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کا پروگرام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ حیدر آباد سکھر منصوبہ دو ماہ بعد ہونے جا رہا ہے۔