• news

بابر اعظم دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شامل

لاہور(آئی این پی)بابر اعظم کو دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شامل کرلیا گیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز اس سے قبل 2017 میں بھی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر کا حصہ رہ چکے ہیں۔کلینڈر ائیر 2019 میں بابراعظم نے 20 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 60.66 کی اوسط اور 92.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1092 رنز اسکور کیے۔ اس دوران انہوں نے 3 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ سال 2019 میں بابراعظم نے اپنی پہلی سنچری ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف اسکور کی (115رنز)، انہوں نے دوسری سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف بنائی (101رنز ناٹ آؤٹ) جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف 115 رنز کی اننگز بابر اعظم کی کلینڈر ائیر میں تیسری سنچری تھی۔آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ائیر کے اعزاز کا آغاز 2004 میں شروع کیا تھا جہاں اب تک مختلف ادوار میں 8 پاکستانی کرکٹرز یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔ 2005 میں انضمام الحق اور رانا نوید الحسن، عمر گل 2009 اور 2011 ،2012 میں شاہد آفریدی اور سعید اجمل، 2013 میں سعید اجمل، 2014 میں محمد حفیظ جبکہ 2017 میں بابر اعظم اور حسن علی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر کا حصہ رہ چکے ہیں۔2019 میں پہلی بار آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے بابر اعظم، 474 رنز بناکر، میگا ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔ بابر اعظم، آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور جیوری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 2019 میں ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شامل کیا، اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے انہیں بھرپور اسپورٹ کیا۔پچیس سالہ کرکٹر کا کہنا ہے کہ ان اعزازات سے کھلاڑیوں کو میدان میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملتا ہے۔ وہ پرامید ہیں کہ آئندہ سال آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں کئی پاکستانی کھلاڑی شامل ہوں گے۔اس موقع پر بابر اعظم نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ٹیم آف دی ائیر 2019 میں جگہ بنانے پر ندا ڈار کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ندا ڈار باصلاحیت خاتون کرکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ کئی کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت بھی رکھتی ہیں۔ بابراعظم نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ کو پذیرائی مل رہی ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ وہ بابر اعظم اور ندا ڈار دونوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کرکٹرز نہ صرف قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں بلکہ یہ آئندہ نسلوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن