وزیراعظم نے فیصل واوڈا کے ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی لگا دی
اسلام آباد، لاہور (وقائع نگار خصوصی، اپنے نامہ نگارسے، نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا سے نجی ٹی وی پروگرام میں بوٹ لیجانے پر ان سے وضاحت طلب کر لی اور فیصل واوڈا کی کسی بھی ٹاک شو پر آئندہ2 ہفتوں کیلئے شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں ان کے رویے پر وضاحت طلب کر لی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے فیصل واوڈا کی کسی بھی ٹاک شو پر آئندہ دو ہفتوں کیلئے شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ علاوہ ازیں ٹاک شومیں بوٹ دکھانے پروفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے لاہور کی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست مقامی وکیل رانا نعمان ایڈووکیٹ نے دائر کی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے ٹاک شو میں بوٹ دکھا کر قومی سلامتی کے اداروں کی تضحیک کی ہے۔ فیصل واوڈا کا عمل اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے مترادف ہے، تھانے میں فیصل واوڈا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا، استدعا ہے کہ عدالت وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے، وفاقی وزیر کے خلاف درخواست پر سماعت کل ہوگی، ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا درخواست پر سماعت کریں گے۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے گھٹیا حرکت کی، ایسے لوگوں کا کابینہ میں ہونا بدقسمتی ہے۔ انہوں نے فیصل واوڈا کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فیصل واوڈا نے جو کیا اور جو کرتے ہیں، وزیراعظم کے حکم پر کرتے ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ ہونا ثبوت ہے کہ عمران خان کے حکم پر یہ حرکت ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ فیصل واوڈا سے وزارت اور قومی اسمبلی کی نشست سے فوری استعفیٰ لیا جائے کیونکہ ان جیسے لوگوں کا پارلیمان اور کابینہ میں ہونا پاکستان کی بدقسمتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیمرا کو استعمال کرکے ٹاک شو اور اینکر پر پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ سولہ ماہ سے اپنی نالائقی اور نااہلی چھپانے کے لئے میڈیا کی آواز بند ہے۔