پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑیگی: اعجاز شاہ
شبقدر(اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے بہادرجوان محدود وسائل کے باوجود سر پر کفن باندھ کر وطن عزیز کا دفاع کر رہے ہیں، میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمنوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے بدھ کو فرنٹیئر ٹریننگ سکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹبلری انتہائی محدود وسائل میں ملک کی دفاع کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ ایف سی کے تنخواہوں، پنشن، سوئی گیس، بجلی و دیگر حل طلب مسائل آئندہ مالی سال میں حل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کی بہادری دیکھ یقین محکم ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ فرنٹیئر کانسٹبلری کے بہادرجوان سر پر کفن باندھ کر وطن عزیز کا دفاع کر رہے ہیں۔ میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹبلری میں اصلاحات کی بدولت بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ایف سی کے جوان نظم و ضبط کی اعلیٰ اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے فقید المثال جرات کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وطن عزیز کی دفاع اور فرائض منصبی کی تکمیل میں ایف سی کے 365 افسروں اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹریننگ مکمل کرنے پر جوانوں اور ایف سی افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ1913ء سے لیکر تاحال فرنٹیئر کانسٹبلری کے جوان ملک و قوم کی ناموس کی خاطر جان کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔