انڈیا کسی بھی جنگ کے لیے تیار ہے: بھارتی آرمی چیف کی خوش فہمی
نئی دہلی(این این آئی)بھارتی آرمی چیف جنرل منوج مکند نرونے کہاہے کہ بھارت مستقبل میں کسی بھی جنگ کے لیے تیار ہے،جودہشتگردی کو فروغ دیتے ہیں انہیں جواب دینے کے لیے ہمارے پاس بہت سے راستے ہیں اور ہم ان کے استعمال میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے،بھارتی ٹی وی کے مطابق دارالحکومت دہلی میں بھارت کے یوم افواج کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منوج مکند نرونے نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ اس نے مغربی ہمسائے کی طرف سے پراکسی جنگ سے نمٹنے میں مدد دی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سے مقبوضہ کشمیر کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج دہشتگردی کو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ جودہشتگردی کو فروغ دیتے ہیں انہیں جواب دینے کے لیے ہمارے پاس بہت سے راستے ہیں اور ہم ان کے استعمال میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سرحدوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور اور بھارت کسی بھی جنگ سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔