امتیاز شیخ کے بنگلے سے نعش برآمد، وزیر جرائم پیشہ افراد کے سرپرست ہیں: پولیس
شکارپور (آئی این پی) صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کے بنگلے سے نعش برآمد ہو گئی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور میں سندھ کے وزیر توانائی کے بنگلے سے ایک نعش ملی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق متوفی کام کے سلسلے میں بنگلے پر گیا تھا، جہاں اس کی موت واقع ہو گئی، متوفی باتھ روم میں مردہ پایا گیا تھا۔ ترجمان شیخ ہائوس کا کہنا تھا باتھ روم کا دروازہ توڑا گیا تو متوفی اندر مردہ حالت میں پڑا ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے، حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ ایس ایس پی شکارپور کی پورٹ میں صوبائی وزیر امتیاز شیخ پر سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امن و امان خراب کرنے کے ذمہ دار سردار اور بااثر سیاسی افراد ہیں، صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرتے ہیں۔ سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے کرمنل ونگ کا استعمال کرتے ہیں، انھوں نے جرائم پیشہ عناصر کے ذریعے سیاسی مخالف شاہنواز بروہی کے بیٹے کو قتل کرایا۔ پولیس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امتیاز شیخ پولیس میں اہم عہدوں پر من پسند افسر تعینات کراتے ہیں جس کی وجہ سے پولیس کے کئی خفیہ آپریشن انفارمیشن لیک ہونے کے باعث ناکام ہوئے۔ رپورٹ میں امتیاز شیخ کے بھائی مقبول شیخ اور بیٹے فراز شیخ کا جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کا ریکارڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں امتیاز شیخ اور کریمنلز کے درمیان رابطے کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ امتیاز شیخ اور ڈکیت اتو شیخ کے درمیان متعدد بار رابطے ہوئے۔ پولیس نے امتیاز شیخ، ان کے بیٹے فراز شیخ اور بھائی مقبول شیخ کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی۔ دوسری جانب صوبائی وزیرامتیاز شیخ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ قانونی مشاورت کے بعد کارروائی کریں گے اور ہم پر جو الزامات لگے ہیں اس کا ریکارڈ مانگیں گے۔ میرے خلاف شکارپور سے کسی بھی پولیس افسر کی جانب سے کوئی رپورٹ ہوئی تو بتادیں، اگر میں کریمنل ہوتا تو عوام مجھے منتخب نہ کرتے، پولیس میں نا اہل اور کرپٹ افسر لگیں گے تو امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی۔ شکار پور ضلع پٹرول کی چوری کے لیے مشہور ہے، ہم نے اس کی نشاندہی کی تو برے بن گئے، ہم اس معاملے کوایسے نہیں چھوڑیں گے،منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔