• news

میجر جنرل بابر افتخار ڈی جی آئی ایس پی آر، وقاص اظہر سربراہ ایم آئی، آصف غفور جی او سی او کاڑہ تعینات

اسلام آباد /سٹاف رپورٹر/ میجر جنرل بابر افتخار کومسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ’’آئی ایس پی آر‘‘ کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور کا تبادلہ کرکے انہیں اوکاڑہ میں متعین بری فوج کے چالیسویں ڈویژن کا جنرل آفیسر کمانڈنگ تعینات کر دیا گیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میجر جنرل آصف غفور نے اپنے پیغام میں کہا کہ الحمداللہ، ان سب کا شکریہ جن کے ساتھ میں اپنے دور میں منسلک رہا، میں تمام میڈیا کا شکر گزار ہوں، پاکستانی عوام کی محبت اور سپورٹ پر ان کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے نئے ڈی جی آیس پی آر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ ٹوئٹر پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ کے ذریعہ پیغام میں کہا کہ آپ کی محبت اور حمایت کا شکریہ، مضبوط رہتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنا کام جاری رکھیں۔علاوہ ازیں میجر جنرل وقاص اظہر کو فوج کی انٹیلی جنس ایجنسی ’’ملٹری انٹیلی جنس‘‘ کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ میجر جنرل سرفراز ملک کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے۔ ذرائع کے مطابق وقاص اظہر کو عسکری حلقوں میں پیشہ ورانہ فرائض سے لگن رکھنے والے افسر کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ ملٹری انٹیلی جنس کو ملکی سلامتی کے بندوبست میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن