• news

سلامتی کونسل نے ثابت کیا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی فہرست پر ہے، پاکستان: انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ، سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس

اسلام آباد(نیٹ نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر کو ایک بار پھر متنازعہ تسلیم کرتے ہوئے بھارت سے کرفیو اٹھانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرنے پر زوردیا۔ صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 164 دن گزرنے کے بعد سلامتی کونسل نے دوسری مرتبہ کشمیر پر بات چیت کی، بحث ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں تمام 15 اراکین نے حصہ لیا، اراکین کی جانب سے 5 اگست کے بھارتی اقدامات کو تناو میں اضافہ کی وجہ قرار دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بحث میں پی 5 اور دیگر ممالک نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتحفظات کا اظہار کیا، سلامتی کونسل اجلاس نے ثابت کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی فہرست میں ہے، وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدور سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گونتریس سے بھی ملاقات کی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے جنوبی ایشیا میں بات چیت اور مذاکرات کے زریعہ امن کے فروغ کی بات کی، شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل جارحانہ رویہ مس کیلکولیشن کا باعث بن سکتا ہے۔ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اجلاس میں کشمیر کو پھر متنازعہ تسلیم کیا گیا اور بھارت سے کرفیو اٹھانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرنے پر زوردیا گیا۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل "انتونیو گوئٹرس" سے ملاقات کی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ایمبسڈر منیر اکرم بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ دوران ملاقات مشرق وسطی کی صورتحال ،بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہء خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کروانے کیلئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو،  وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کیے گئے، اپنے حالیہ دورہ   ایران و سعودی عرب کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ یہ خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام فریقین کو کشیدگی میں کمی لانے اور معاملات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کیلئے، سیاسی و سفارتی ذرائع بروئے کار لانے پر آمادہ کیا جائے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس تناؤ کی کیفیت پر قابو پانے کیلئے "اقوام متحدہ" اپنے چارٹر کی رو سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ،خطے میں کسی محاذ آرائی کا حصہ دار نہیں بنے گا لیکن قیام امن کیلئے پاکستان اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوئیٹرس نے قیام امن کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے تمام فریقین کو کشیدگی میں کمی لانے اور معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شاہ محمود قریشی نے ان سے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انتہائی تشویشناک ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80لاکھ معصوم کشمیری، 5اگست سے مسلسل، لامتناہی کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔ ذرائع ابلاغ پر مکمل پابندی اور کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کے ذریعے حقائق کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری معصوم کشمیریوں کو بھارتی جبرواستبداد سے نجات دلانے کیلئے، نتیجہ خیز اقدام اٹھائے۔ وزیر خارجہ نے ، 5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد پاکستان اور چین کی خصوصی درخواست پر، پانچ ماہ کے عرصے کے دوران، سلامتی کونسل کے تین اجلاسوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے، سیکریٹری جنرل انتونیو گوئیٹرس کا شکریہ ادا کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئیٹرس نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین کو کشیدگی سے بچنے اور تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کی درخواست اور چین کی حمایت سے آج سلامتی کونسل میں جموں وکشمیر کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے، نیویارک میں صدر اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل ڈینگ ڈین قوئے سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ایمبسڈر منیر اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دوران ملاقات مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے ، محکمہ امن آپریشنز اور سیاسی و قیام امن سے متعلق امور کے محکموں کی، مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کو دی جانے والی بریفنگ خوش آئند ہے۔ بھارت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ پانچ ماہ سے ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے ہے۔ ہندوستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی طرف سے سامنے آنے والے، حالیہ دھمکی آمیز بیانات، خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث ہو سکتے ہیں۔سیکورٹی کونسل اپنی قراردادوں کے مطابق، مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے کشمیریوں کو، ان کا جائز حق "حق خودارادیت "دلوانے میں ان کی مدد کرے۔ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر جنرل اسمبلی تجانی محمد باندے سے ملاقات کی ہے۔ دوران ملاقات، دونوں رہنماؤں کے مابین اہم علاقائی و عالمی موضوعات پر سیرحاصل گفتگو ہوئی۔ اقوام متحدہ کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غربت سمیت مختلف چیلنجز سے نبردآزما ہونے اور دیرپا ترقی کے مشترک اہداف کے حصول کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے کے حوالے سے اقوام متحدہ کا کردار ہمیشہ اہم اور ناگزیر رہا ہے۔ انہوں نے صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی، کو عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے شروع کئے گئے خصوصی منصوبوں" احساس پروگرام اور صحت سہولت پروگرام کے خدو خال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کے ساتھ دوران ملاقات، کرپشن کے خاتمے اور لوٹی ہوئی قومی دولت کو واپس لانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دورہ امریکہ کے دوسرے مرحلے میں واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو، مشیرقومی سلامتی رابرٹ اوبرائن اوردیگراعلیٰ انتظامی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ کیپیٹل ہل میں وزیر خارجہ کی ارکان امریکی کانگریس و سینٹ اور پاکستان کاکس کی "کو چیئر"سے ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن